بلوچستان کے 11 اضلا ع میں خشک سا لی کا الرٹ جا ری

  • November 7, 2025, 11:52 am
  • Weather News
  • 220 Views

کوئٹہ: بلوچستان کے 11 اضلاع میں گزشتہ دس ماہ کے دوران بارشوں میں 80 فیصد تک کمی کے باعث محکمہ موسمیات نے خشک سالی کا الرٹ جاری کر دیا۔

نیشنل ڈراؤٹ مانیٹرنگ سینٹر کی جانب سے جاری سرکلر کے مطابق کوئٹہ سمیت صوبے کے 11 اضلاع میں رواں سال بارشوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں ان علاقوں میں خشک سالی کے اثرات ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں۔

ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات محمد افضل نے بتایا کہ متوقع خشک سالی سے صوبے کا زرعی شعبہ شدید متاثر ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بارشوں کی صورتحال بہتر نہ ہوئی تو کھڑی فصلیں اور زیرِ کاشت زمینیں پانی کی کمی کا شکار ہو جائیں گی۔

دوسری جانب محکمہ لائیو اسٹاک کے حکام نے خبردار کیا ہے کہ صوبے کی تقریباً 80 فیصد مویشیوں کا انحصار قدرتی چراگاہوں پر ہے۔ اگر چراگاہیں خشک ہو گئیں تو نہ صرف لائیو اسٹاک بلکہ مالدار طبقہ بھی متاثر ہو گا۔

سرکلر میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں خشک سالی کی بدلتی صورتحال پر قریبی نگرانی رکھنے، ضلعی رابطہ کمیٹیوں کو فعال بنانے، آگاہی مہم چلانے، معلومات کے تبادلے اور بروقت اقدامات کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔