کوئٹہ کے سمنگلی روڈ کی تعمیر کے دوران پی ٹی سی ایل کی کیبل کٹ گئی، درجنوں ٹیلی فون اور انٹرنیٹ سسٹم منقطع

  • November 25, 2025, 10:10 am
  • Business News
  • 404 Views

کوئٹہ: سمنگلی روڈ کی تعمیر کے دوران پی ٹی سی ایل کی زیرِ زمین کیبل کٹنے سے علاقے میں درجنوں ٹیلی فون کنیکشن اور انٹرنیٹ سروسز معطل ہوگئیں، جس کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

پی ٹی سی ایل حکام کے مطابق تعمیراتی مشینری کے کام کے دوران اہم لائن کیبل حادثاتی طور پر منقطع ہوگئی، جس کے نتیجے میں اردگرد کے رہائشی اور تجارتی صارفین گزشتہ دو روز سے رابطوں کے بنیادی ذرائع سے محروم ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ تکنیکی ٹیمیں مرمت پر کام کر رہی ہیں، تاہم اب تک سروس بحال نہیں ہو سکی۔

سمنگلی روڈ کے اطراف میں صدر تھانہ، بلوچستان بورڈ آفس، اور مختلف میڈیا گروپس کے دفاتر بھی قائم ہیں، جو انٹرنیٹ اور ٹیلی فون کی عدم دستیابی کے باعث متاثر ہو رہے ہیں۔

متاثرہ شہریوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ تعمیراتی کام کے دوران زیرِ زمین تنصیبات کی نشاندہی کو یقینی بنایا جائے اور کٹی ہوئی کیبل کی فوری مرمت کر کے سروسز بحال کی جائیں۔