طاہرہ صفدر پاکستان کی پہلی خاتون چیف جسٹس کے عہدہ کا حلف آج اٹھائیں گی

  • August 31, 2018, 10:31 pm
  • National News
  • 364 Views

کوئٹہ (ویب ڈیسک) طاہرہ صفدر کو بلوچستان ہائیکورٹ کا چیف جسٹس مقرر کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق طاہرہ صفدر پاکستان کی پہلی خاتون چیف جسٹس ہیں۔ طاہرہ صفدر بطور چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس کل اپنے عہدے کا حلف اْٹھائیں گی۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے جسٹس طاہرہ صفدر کو ہائیکورٹ کا چیف جسٹس مقرر کیا۔اس سے قبل بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس محمد نور مسکانزئی تھے جو آج 31 اگست کو اپنے عہدے سے ریٹائر ہو رہے ہیں۔ جسٹس سید طاہرہ صفدر 5 اکتوبر 1957ء کو کوئٹہ میں پیدا ہوئیں، وہ بیرسٹرسید امتیاز حسین باقری حنفی کی صاحبزادی ہیں۔ انہوں نے 1980 میں لا کالج کوئٹہ سے ڈگری حاصل کی۔ 1982 میں وہ پہلی خاتون سول جج رہیں۔ طاہرہ صفدر نے بلوچستان یونیورسٹی سے اْردو ادب میں بھی ماسٹرز کی ڈگری بھی حاصل کی۔وہ 1987ء میں سینئر سول جج، 1991ء میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اور 1996ء4 میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج رہیں۔ قبل ازیں بلوچستان کے چیف جسٹس محمد نور مسکانزئی کے بیرون ملک دورے کے موقع پر جسٹس طاہرہ صفدر،بلوچستان ہائیکورٹ کی قائم مقام چیف جسٹس کے فرائض بھی انجام دے چکی ہیں۔ یاد رہے کہ 23 جولائی کو چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے لاہور ہائیکورٹ کی سابق سینئر ترین جج جسٹس فخرالنسا کھوکھر کی سوانح عمری کی تقریب رونمائی میں شرکت کی۔چیف جسٹس نے کہا کہ جسٹس فخرالنسا کھوکھر کو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نہ بنانا ان کے ساتھ ناانصافی تھی اور یہ ناانصافی ایک خاتون کے ساتھ ہوئی۔ اس موقع پر چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے طاہرہ صفدر سے متعلق اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ بلوچستان ہائیکورٹ کی خاتون جج جسٹس طاہرہ صفدر ملک کی پہلی خاتون چیف جسٹس ہوں گی۔ جسٹس میاں ثاقب نثار نے واضح کیا کہ جسٹس فخرالنسا کھوکھر کے ساتھ ہوئی نا انصافی کا تدارک بلوچستان کی خاتون جسٹس طاہرہ صفدر کو بلوچستان کا چیف جسٹس بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ ملک کے کسی بھی ہائیکورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس ہوں گی۔تاہم اب بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس محمد نور مسکانزئی کے ریٹائر ہونے کے بعد طاہرہ صفدر آج اپنے عہدے کا حلف لیں گی۔جسٹس طاہرہ صفدر بلوچستان ہائیکورٹ کی19ویں چیف جسٹس ہونگی ۔