وزیراعلیٰ کا تعمیرات اور ٹریفک کے صورتحال پر تشویش کااظہار

  • August 31, 2018, 10:31 pm
  • National News
  • 113 Views

کوئٹہ(خ ن) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت کوئٹہ شہر میں ٹریفک کے مسائل اور ان کے حل کے لئے اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس کا انعقاد ہوا۔ صوبائی وزراء نوابزادہ طارق مگسی، سردار محمد صالح بھوتانی، میر ظہور بلیدی، میئر کوئٹہ ڈاکٹر کلیم اللہ، چیف سیکریٹری ڈاکٹر اختر نذیر ، آئی جی کوئٹہ ، سیکریٹری خزانہ، کمشنر کوئٹہ ، قائم مقام ڈی جی کیو ڈی اے نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں کوئٹہ میں تعمیرات اور ٹریفک کی صورتحال کو انتہائی غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ بلڈنگ کوڈ اور ٹریفک قوانین موجود ہونے کے باوجود ان کا نفاذ نہیں ہورہا ہے، جبکہ ٹریفک انجینئرنگ بیورو کے قیام کا منصوبہ طویل عرصہ سے تعطل کا شکار ہونے کی وجہ سے ٹریفک کے نظام کی بہتری کے لئے منصوبہ بندی کا فقدان ہے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو مکمل طورپر فعال کرکے نئی تعمیرات کو بلڈنگ کوڈ کا پابند کیا جائے گا جبکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لئے سریاب روڈ اور اندرون شہر کی سڑکوں پر تجاوزات کے خاتمے کو یقینی بنایا جائے گا، شہر کی بہتری اور شہریوں کی سہولت کے لئے قانون اور قواعد وضوابط کے نفاذ کے حوالے سے سخت فیصلے کئے جائیں گے۔ اجلاس میں اس بات کا فیصلہ بھی کیا گیا کہ شہر کی ترقی کے ذمہ دار مختلف اداروں کے درمیان مربوط روابط کو بہتر بنایا جائے گا تاکہ یہ ادارے موثر کوآرڈینیشن کے ساتھ اپنی اپنی حدود میں رہ کر کام کریں اورتمام ترقیاتی منصوبوں میں ان اداروں کی مشاورت شامل ہو۔ اجلاس میں ریڑھیوں کی رجسٹریشن کے علاوہ موٹر گیراجوں، گوداموں، موٹر شوروموں کو شہر سے باہر منتقلی کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی، اجلاس میں اس بات کا فیصلہ بھی کیا گیا کہ پارکنگ کی سہولت کے بغیر ہسپتالو ں او رپلازوں کی تعمیر کے لئے این او سی کا اجراء نہیں کیا جائے گا جبکہ کیو ڈی اے کو منظور شدہ اور غیر منظور شدہ عمارتوں کا ڈیٹا اکٹھا کرنے اور محکمہ اربن پلاننگ کو کوئٹہ سٹی کا ماسٹر پلان پیش کرنے کی ہدایت بھی کی گئی، اجلاس میں ٹریفک پولیس کو شہر کے 14مقامات پر سمارٹ ٹریفک سگنل کی تنصیب کے لئے دوکروڑروپے کی فراہمی کی منظوری دیتے ہوئے فوری طور پر منصوبے کے آغاز کی ہدایت کی گئی۔اجلاس میں سرکلر روڈ پر زیر تعمیر پارکنگ پلازہ کی فوری تکمیل اور شہر کے دیگر علاقوں میں مجوزہ پارکنگ پلازوں کے منصوبوں کو حتمی شکل دینے کی ہدایت بھی کی۔ وزیراعلیٰ نے تجاوزات کو ہٹانے، تمام ترقیاتی اداروں کے حدود واختیارا ت میں پائے جانے والے ابہام کے خاتمے، بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی فعالی، ٹریفک کے نظام کی بہتری کے لئے سفارشات کی تیاری اور شہر کے دیرینہ مسائل کا جائزہ لینے اور سروے کرنے کے لئے کمشنر کوئٹہ ڈویژن کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی جس میں تمام متعلقہ اداروں کے نمائندے شامل ہوں گے، وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سریاب روڈ اور دیگر سڑکوں پر ریڑھیوں کی شکل میں قائم تجاوزات کے خاتمے کے لئے انہیں متبادل جگہ فراہم کی جائے تاکہ ان کا روزگار بھی متاثر نہ ہو۔