متحدہ مجلس عمل اور بی این پی سینٹ انتخابات میں مشترکہ امیدوار لانے پر متفق

  • September 7, 2018, 11:16 pm
  • National News
  • 298 Views

کوئٹہ ( آئی این پی )بلوچستان کے اپوزیشن جماعتوں متحدہ مجلس عمل اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے قائدین نے سینٹ انتخابات میں مشترکہ امیدوار لانے پر اتفاق کرتے ہوئے اس سلسلے میں دیگر پارلیمانی جماعتوں سے بھی رابطے کرنے کافیصلہ کیاہے ۔اس بات کا فیصلہ گزشتہ روز بلوچستان کے اپوزیشن جماعتوں متحدہ مجلس عمل کے رکن صوبائی اسمبلی ملک سکندرایڈووکیٹ ،رحمت اللہ کاکڑ ایڈووکیٹ اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماؤں ساجد ترین ایڈووکیٹ ،رکن صوبائی اسمبلی بابو عبدالرحیم مینگل اور میر عبدالرؤف مینگل نے کوئٹہ میں ملاقات کی اور سینٹ الیکشن سمیت مختلف امور سے متعلق تفصیلی بات چیت کی ،ملاقات کے دوران دونوں اپوزیشن جماعتوں نے سینٹ کی خالی نشست کیلئے مشترکہ امیدوار کو سامنے لانے کا فیصلہ کیا بلکہ اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ دونوں سیاسی جماعتیں دیگر پارلیمانی جماعتوں سے بھی سینٹ انتخابات کے سلسلے میں رابطے کریں گی ۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے نواب زادہ میر نعمت اللہ زہری کی جانب سے صوبائی اسمبلی کی نشست پر کامیابی کے بعد سینٹ کی نشست سے مستعفیٰ ہونے کااعلان کیاتھا جس کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مذکورہ نشست پر انتخابات کیلئے شیڈول کااعلان کردیا ہے ۔اس سلسلے میں اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کی جانب سے گزشتہ روز ملاقات کی گئی اور مختلف فیصلے کئے گئے ۔