معیار تعلیم میں بہتری لائے بغیر ترقی ممکن نہیں ،جام کمال

  • September 7, 2018, 11:17 pm
  • National News
  • 125 Views

کوئٹہ(خ ن) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ شرح خواندگی اور معیار تعلیم میں بہتری لائے بغیر ترقی کے اہداف کا حصول ممکن نہیں ہوسکتا،ہمیں ایسے اقدامات کرنے ہوں گے جن سے ہر بچے اور بچی کو تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملے، اسکول سے باہر کے بچوں کو اسکولوں تک لایا جائے اور انہیں سستی اور معیاری تعلیم فراہم کی جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یوم خواندگی کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم تعلیم کے میدان میں بہت پیچھے ہیں اور شعبہ تعلیم پسماندگی کا شکار ہے، اس کے باوجود کہ گزشتہ سالوں میں تعلیم کی ترقی کو اولین ترجیح کے طور پر لیتے ہوئے پی ایس ڈی پی کا بڑا حصہ شعبہ تعلیم کے لئے مختص کیا گیا تاہم کمزور پالیسیوں ، بہتر منصوبہ بندی کے فقدان ، قواعد وضوابط اور میرٹ سے ہٹ کر تعیناتیوں اور ترقی وتبادلوں سے مطلوبہ نتائج حاصل نہ ہوسکے،انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت شعبہ تعلیم کی ترقی کے لئے سنجیدہ ہے اور بہتر اور موثر پالیسیوں کے ذریعہ تعلیمی پسماندگی کے خاتمے کے لئے نتیجہ خیز اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا، کابینہ کے پہلے اجلاس میں تعلیمی ترقی کے لئے اہم فیصلے کئے گئے جن پر عملدرآمد کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو بھی سنجیدہ طرز عمل اختیار کرتے ہوئے اپنے فرائض کی ادائیگی میں پائی جانے والی کوتاہیوں کو دور کرنا ہوگا۔ تعلیم کا فروغ ایک معاشرتی ذمہ داری بھی ہے جس کے لئے معاشرے کے تمام طبقوں کو آگے بڑھ کر اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت خواندگی میں اضافے اور معیار تعلیم کی بہتری کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی، اس حوالے سے نجی شعبہ اور تعلیم کے میدان میں کام کرنے والے بین الاقوامی اداروں کے تعاون کا خیرمقدم کیا جائے گا۔