جشن زیارت آئندہ سال جون میں منعقد کیا جائے گا، وزیراعلیٰ

  • September 7, 2018, 11:17 pm
  • National News
  • 157 Views

کوئٹہ(خ ن) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت جشن زیارت کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ زیارت میں سرد موسم کے آغاز اور وقت کی کمی کے باعث جشن زیارت آئندہ سال جون میں منعقد کیا جائے گا اور گذشتہ سالوں کی نسبت زیادہ بھرپور طریقے سے اس کا انعقاد کیا جائے گا۔ اجلاس میں صوبائی وزراء نورمحمد دمڑ،عارف جان محمد حسنی ، عبدالخالق ہزارہ اور سیکریٹری ثقافت نے بھی شرکت کی جبکہ کمشنر سبی ایاز مندوخیل اور ڈپٹی کمشنر زیارت عبدالقادر پرکانی نے اجلاس کو بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کو معیاری تفریحی سہولتیں اور نوجوانوں کو کھیلوں کی صحت مندانہ سرگرمیوں کی فراہمی کی بہت زیادہ اہمیت ہے، ایسی تقریبات سے صوبے اور علاقوں کی تہذیب وثقافت کو اجاگر کرنے میں مدد ملتی ہے، انہوں نے کہا کہ زیارت ملک کا ایک اہم تفریحی مقام ہے لیکن سہولتوں کی عدم دستیابی کے باعث زیارت سیاحوں کی توجہ حاصل نہ ہوسکا، تاہم جشن زیارت کے بھرپور انعقاد سے نہ صرف بلوچستان بلکہ ملک بھر کے عوام کو تفریح کا اچھا موقع ملے گا جس سے زیارت کی اہمیت میں اضافہ ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت تمام اضلاع میں جشن زیارت کی طرز پر سالانہ بنیادوں پر صحت مندانہ سرگرمیوں کا انعقاد کرے گی جن سے عوام بالخصوص نوجوانوں کو تفریح کے مواقع ملیں گے اور ان میں صحت مندانہ مقابلے کا رحجان پیدا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے آئندہ ماہ زیارت میں چھوٹے پیمانے پر ثقافتی پروگرام کے انعقاد کی ہدایت کی۔