پارٹی کی جدوجہد عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہے ،بی این پی

  • September 12, 2018, 11:29 pm
  • National News
  • 91 Views

کوئٹہ ( آئی این پی ) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی بیان میں کہا گیا ہے کہ پارٹی کی جدوجہد عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہے بلوچستانی عوام دور جدید میں بھی زندگی کی تمام بنیادی ضروریات سے محروم ہیں پارٹی نمائندے عوام کے معاشرتی مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیں اور مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں سابق ادوار میں جتنے بھی حکمران آئے انہوں نے کوئٹہ کی قدیم گنجان آبادی سریاب کو مکمل طور پر نظر انداز رکھا کوئٹہ سٹی پانی جیسی بنیادی ضرورت سے محروم ہے سریاب کو نظر انداز کرنے سے آج وہاں انفراسٹرکچر نہ ہونے کے برابر ہے ‘ سکولوں کی حالت خستہ ہے ‘ صحت کی سہولیات بھی عوام کو میسر نہیں ہیں ‘ سڑکیں تباہ حال ہیں سابق وزیراعظم نے کوئٹہ کیلئے اربوں روپے کا پیکیج دیا مگر یہاں کے سابق حکمرانوں نے سریاب کو پیکیج میں شامل نہیں کیا آج سریاب کے عوام غربت ‘ افلاس ‘ بے روزگاری کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں بی این پی قومی جمہوری جماعت ہے جو بلوچستان کی حقیقی ترقی و خوشحالی کی خواہاں ہے عوام کو تمام ہر شعبہ ہائے زندگی کے مسائل کے حل کیلئے بی این پی اپنا کردار ادا کرے گی پارٹی نے عوامی مفادات کو مد نظر رکھ کر موجودہ حکمرانوں کی حمایت کی تاکہ بلوچستان کے عوام کو صحت ‘ تعلیم ‘ روزگار کی فراہمی ‘ پانی کی قلت کے خاتمے کو یقینی بنایا جا سکے بلوچستان کے جملہ مسائل کا حل ہی ہماری ترجیح ہے کیونکہ چھ نکات کے حل سے ہی بلوچستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے گا بیان میں کہا گیا ہے کہ وفاقی و صوبائی حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ بلوچستان کے عوام کی پسماندگی کو ملحوظ خاطر رکھ کر حقیقی ترقی و خوشحالی کیلئے عملی اقدامات اٹھائے پارٹی عوام کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے حتیٰ الواسع کوشش کرے گی کہ بلوچستان میں مثبت تبدیلی کے ذریعے عوام کو خوشحال بنائیں بی این پی نے عوام کو تنہا نہیں چھوڑا اور عوام کی ترقی کیلئے حقیقی معنوں میں ترجمانی کررہی ہے اسی لئے پارٹی کے ایم این ایز ‘ ایم پی اے ‘ پارٹی رہنماء ‘ کارکن عوام کی خدمات کیلئے کھڑے ہیں تاکہ عوام کے مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کیا جا سکے ماضی کے نمائندوں سے بی این پی کے نمائندے مختلف ہوں گے جو عوام کی خدمات کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔