عام آدمی کیلئے گیس کی قیمت 10سے 15فیصد بڑھائی ہے، وزیر پیٹرولیم

  • September 17, 2018, 8:29 pm
  • Business News
  • 294 Views

وزیر پیٹرولیم غلام سرور نے کہا ہے کہ عام آدمی کے لئے گیس کی قیمت 10 سے 15فیصد بڑھائی گئی ہے ،گیس کی نئی قیمتوں پر عمل درآمد اکتوبر سے شروع ہوگا۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی ہے، اس حوالے سے وفاقی کابینہ سے منظوری لی جائے گی ،وزیرپیٹرولیم نے بتایا کہ عام آدمی پر 23روپے ماہانہ کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ 50 کیوبک میٹر گیس پر252 روپے گیس کا بل دینے والے کا اب بل 275 روپے ہوجائے گا ، 100 کیوبک میٹر والے کا بل 480 روپے تھا ، اب 551 روپے بل دے گا ۔

غلام سرور نے مزید کہا کہ ایل پی جی کا سلنڈر 1600 سے کم ہو کر 1400 روپے ہو جائے گا، پورے ملک میں گیس نیٹ ورک پر موجود لوگ پوری آبادی کا 23 فیصد ہیں ،60 فیصد آبادی ایل پی جی پر انحصار کرتی ہے ۔

ان کا کہناتھاکہ گیس نرخوں سے متعلق سلیب 3 سے بڑھا کر7 کردئیے گئےہیں،ایکسپورٹ انڈسٹری کو ریلیف دے رہے ہیں ،فیصلے سے ٹیکسٹائل انڈسٹری آپریشنل ہوگی ، 5 لاکھ افراد کو روزگار ملے گا۔

وزیر پیٹرولیم نے یہ بھی کہا کہ قطر سے سابقہ حکومت کے ایل این جی معاہدے پر نیب اور ایف آئی اے انکوائری کررہے ہیں ،جو بھی معاہدہ شفاف ہو اسے خفیہ نہیں رکھا جاتا ۔

تیسرا سلیب 200مکعب میٹر تک رکھا گیا ہے اور اس میں فی یونٹ 20فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

اسی طرح چوتھا سلیب ہے ماہانہ 300مکعب میٹر گیس کے استعمال تک مقرر کیا گیا ہے جس کی فی یونٹ قیمت میں 25فیصد اضافہ کیا گیا۔

پانچواں سلیب ماہانہ 400مکعب میٹر تک استعمال کرنے والے صارفین کا ہوگا اور ان کے فی یونٹ میں 30فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

چھٹا سلیب ماہانہ 500معب میٹر گیس استعمال تک بنایا گیا ہے ان کے لیے فی یونٹ اضافہ 143فیصدتک اضافہ ہوگا۔

ساتواں اور آخری سلیب 500مکعب میٹر سے زیادہ گیس استعمال کرنے والے صارفین کا رکھا گیا ہے اور ان کے لیے فی یونٹ گیس 143فیصد مہنگی کی گئی ہے۔

حکومت نے سیمنٹ کارخانوں کے لئے بھی گیس 30فیصد مہنگی کی گئی ہے جب کہ کمرشل سیکٹر ، جنرل انڈسٹری کیپٹو پاور اور کھاد کارخانوں کے لئے گیس کی قیمت میں 40فیصد اور کھاد کارخانوں کےلئے 50فیصد اضافہ اضافہ کیا ہے۔