یوم عاشور کے موقع پر فول پروف سیکورٹی کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا ،صوبائی وزیرداخلہ

  • September 17, 2018, 11:56 pm
  • National News
  • 135 Views

کوئٹہ(این این آئی)وزیرداخلہ بلوچستان میر سلیم کھوسہ نے کہا ہے کہ یوم عاشور کے موقع پر فول پروف سیکورٹی کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا جلوس کے روٹس کی 130خفیہ کیمروں اور ہیلی کاپٹر کے ذریعے فضائی نگرانی کی جائے گی ،شہر میں کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے پاک فوج اسٹینڈ بائی رہے گی۔یہ بات انہوں نے پیر کو ’’این این آئی‘ ‘ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے پولیس اورایف سی کے اہلکار ملکر فرائض سرانجام دے رہے ہیں یوم عاشور کے جلوس کے روٹس پر آنے والی تمام دکانوں کو مکمل چیکنگ کے بعد سیل کردیا جائے گا اور کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو جلوس کے روٹس کی طرف جانے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔ میرسلیم کھوسہ نے کہا کہ کوئٹہ اور بلوچستان بھر میں یوم عاشورہ کے جلوسوں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کرنے کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں کوئٹہ شہر میں یوم عاشور کے جلوس کی 130خفیہ کیمروں اورہیلی کاپٹر کے ذریعے نگرانی کی جائے گی جلوس کے روٹس پر فرنٹیر کور ،پولیس ، بلوچستان کانسٹیبلری اور اینٹی ٹیررارسٹ فورس کے اہلکار اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دیں گے جنہیں خصوصی کارڈ جاری کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یوم عاشور کے موقع پرپاک فوج شہر میں نہیں آئے گی بلکہ پاک فوج کے دستے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے اسٹینڈ بائی رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جس میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ایک سوال کے جواب میں میر سلیم کھوسہ نے کہا کہ دہشت گردی کے کوئی تھرٹ نہیں ہیں صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے سنی شیعہ علماء کرام ملکر کام کررہے ہیں جلوس کے روٹس پر آنے والی مساجد میں شیڈول کے مطابق نمازجمعہ سمیت دیگر نمازیں ادا کی جائیں گی ۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پولیس اوردیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی قربانیوں کی بدولت صوبے میں امن وا مان کی صورتحال میں بہتری آئی ہیں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ادارے ملکر کام کررہے ہیں۔