بلوچستان ہمارا گھر ہے اگر ہم اسے ٹھیک رکھیں گے تو سب کا فائدہ ہوگا، جام کمال

  • September 27, 2018, 12:52 am
  • National News
  • 53 Views

کوئٹہ(خ ن) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان ہمارا صوبہ اور گھر ہے اگر ہم اپنے گھر کو ٹھیک رکھیں گے تو سب کا فائدہ ہوگا، اور اگر ہم اسے خراب کریں گے تو سب کے لئے برا ہوگا، بدقسمتی سے ہم نے خود بلوچستان سے ظلم کیا اور صوبے کی تباہی کے ذمہ دار بھی ہم خود ہی ہیں، جب ترقیاتی منصوبے کاغذوں تک محدود رہیں اور حکومتیں اپنا کام نہ کریں تومسائل میں اضافہ ہوتا چلا جاتا ہے، انصاف نہ ملنے سے معاشرے میں بے چینی پیدا ہونا لازمی امر ہے جس سے علاقے تباہ ہوجاتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مستونگ کے معتبرین کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے بدھ کے روز یہاں ان سے ملاقات کی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ انصاف پر مبنی ایسے معاشرے کی تشکیل کی ضرورت ہے جس میں سب کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع ملیں۔وفاق کے ساتھ بہتر تعلقات رکھ کر بلوچستان کی پسماندگی کا خاتمہ کرنا چاہتے ہیں، ہم جب تک اقتدار میں رہیں گے عوامی مسائل حل کریں گے اور جو وعدے کریں گے انہیں پورا کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تمام وسائل عوام کی امانت ہیں، فنڈز ٹھیکیداروں اور چند لوگوں کی جیبوں میں جانے کے لئے نہیں بلکہ ان کا استعمال عوام کی فلاح وبہبود کے لئے ہونا چاہئے، بدقسمتی سے ماضی میں ایسا نہیں کیا گیا اور عوامی نمائندوں نے اپنی ذمہ داریاں صحیح طریقے سے ادا نہیں کیں، فنڈز کی تقسیم میں ضلعوں کے درمیان امتیاز برتا گیا، پی ایس ڈی پی کے فنڈز کہاں جاتے رہے کسی کو پتہ نہیں ہم نے تحقیقاتی ٹیمیں بنائی ہیں جو استعمال شدہ فنڈز کے مصرف کا جائزہ لے رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ بے تحاشا فنڈز کے استعمال کے باوجود نہ تو روزگار ہے اور نہ ہی کاروبار ہے، ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور ادویات نہیں، اسکولوں میں اساتذہ نہیں، حتیٰ کہ نوکریاں بھی بکتی رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ آج کی سیاست اور ماضی کی سیاست میں فرق ہے اب عوامی نمائندے عوام کے سامنے جوابدہ ہیں اور اگر ہم نے بھی نظام کی بہتری کے لئے کچھ نہ کیا تو ہماری کارکردگی پر بھی سوال اٹھیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگر ان کا دفتر صحیح کام کرے گا تو محکمے اور ادارے بھی کارکردگی بہتر بنائیں گے اور معاملات صحیح سمت میں چلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب لوگوں کا پیسہ لوگوں پر خرچ ہوگا اور منصوبے زمین پر نظر آئیں گے، محنت اورخلوص ہو تو مسائل ضرور حل ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے وزیراعظم سے بجلی اور زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کے حوالے سے بات کی ہے کیونکہ خطیر سبسڈی دینے کے باوجود زرعی صارفین کو بجلی نہیں مل رہی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے وفد کی جانب سے تعلیم، صحت، آبنوشی، بجلی کے حوالے سے پیش کئے گئے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔