پاکستان ایران اور فرانس کا مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر اتفاق

  • October 3, 2018, 12:14 am
  • National News
  • 140 Views

گوادر(خ ن )قائمقام گورنر بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سے منگل کے روزپاکستان میں تعینات ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست کی قیادت میں ایک وفد نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات ، خطے میں رونما ہونے والی معاشی و تجارتی تبدیلیاں ، سرحدی تجارت ، پاکستان سے ایران جانے والے زائرین کو سفری سہولیات کی فراہمی اور بلوچستان او ر سیستان کے درمیان تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔ قائمقام گورنر نے ایرانی وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران دونوں برادر ہمسایہ ممالک ہیں اور دونوں ممالک نے ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کاساتھ دیا ہے ۔ دونوں ممالک کے تعاون و مدد سے باہمی تعلقات مزید مضبوط و مستحکم ہوں گے ۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک بالخصوص بلوچستان اور سیستان میں ترقی اور تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں ۔ گوادر اور چاہ بہار کو مربوط کرنے اور سرحدی تجارت کو مستحکم کرنے کے حوالے سے ایک مشترکہ لائحہ عمل بنانے کی اشدضرورت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مذاکرات ہی کے ذریعے ہم درپیش مشکلات کا بہتر حل نکال سکتے ہیں ۔ امن کا استحکام ہو یا اقتصادی ترقی دونوں کیلئے باہمی تعاون اور مذاکرات کی ضرورت ہے ۔ ایرانی وفد نے یقین دلا یا کہ ایران تمام شعبوں میں پاکستان بالخصوص بلوچستان کے ساتھ تعاون فراہم کرنے کیلئے تیار ہے ۔ آخر میں قائمقام گورنر اور ایرانی سفیر کے درمیان یادگاری شیلڈ ز اور تحائف کا تبادلہ بھی ہوا ۔ قائمقام گورنر بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سے منگل کے روز گورنر ہاؤس کوئٹہ میں پاکستان میں تعینات فرانس کے قونصل جنرل( Mr. Diaier Talpain) نے ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور فرانس کے درمیان تعلقات ، خطے میں رونما ہونے والی صورتحال اور صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر قائمقام گورنر بلوچستان نے کہا کہ پاکستان اور فرانس کے درمیان خوشگوار دوستانہ تعلقات قائم ہیں ۔ دونوں ممالک کے باہمی تعاون اوربہتر دو طرفہ تعلقات سے استحکام پیداہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان منفرد جغرافیائی محل وقوع ، طویل ساحلی پٹی اور قیمتی وسائل و معدنیات کا حامل خطہ ہے ۔ طویل سرحد یں رکھنے کی وجہ سے یہاں پر امن و امان کی صورتحال پر قابو پانا مشکل کام ہے تاہم ہمارے سیکیورٹی اداروں کی بھر پور قربانیوں اور کاوشوں سے صوبے بھر میں ساز گار ماحول اور امن و امان میں کافی بہتری آچکی ہے ۔ قائمقام گورنر نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ یہاں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور خاص کر اعلیٰ تعلیم اور آثار قدیمہ کی دریافت اور ان سے دنیا کو متعارف کرانے میں فرانس کا بھر پور تعاون درکار ہے ۔