نیب کرپشن کیخلاف بلا امتیاز اور بے لاگ احتساب جاری رکھے گا، عرفان بیگ

  • October 4, 2018, 12:03 am
  • National News
  • 120 Views

کوئٹہ (ویب ڈیسک)ڈائر یکٹر جنرل نیب بلوچستان مرزا محمد عرفان بیگ نے کہا ہے کرپشن معاشی دہشت گردی ہے جس نے ملک کا مستقبل داؤ پر لگایا ہوا ہے ، بدعنوانی میں ملوث عناصر کسی رحم کے مستحق نہیں، نیب ان عناصر کے خلاف بلا امتیاز اور بے لاگ احتساب جاری رکھے گا، معاشی دہشت گردی سمیت دیگر معاشرتی برائیوں کے خاتمے میں طلباء و طالبات کا کردار کلیدی ہے۔ نوجوان بد عنوانی کے تدارک کے لئے قومی احتساب بیورو کا معاون بنیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہائیرایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے بلوچستان یونیورسٹی کے زیر اہتمام منعقدہ بین الجامعات تقریری مقابلے کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وائس چانسلر بلوچستان یونیورسٹی جاوید اقبال، ڈائریکٹر نیب ھارون رشید بھی اس موقع پر موجود تھے،ڈی جی نیب بلوچستان نے نوجوان نسل کو ملت کا فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان معاشرے سے کرپشن سمیت تمام برائیوں کی روک تھام کے لئے بہت اہم کر دار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا دیگر شعبہ ہائے زندگی کی طرح درس و تدریس سے وابستہ افراد پر بھی بھاری ذمہ داری عائد ہو تی ہے کہ وہ اسلامی تعلیمات اور اقدار کی پاسداری کر تے ہوئے بدعنوانی کے تدارک کے لئے اپنی ذمہ داری کا احساس کریں۔مرزا محمد عرفان بیگ نے کہا قومی احتساب بیورو اپنی سہہ جہتی حکمت عملی کے تحت معاشرے کے تمام طبقات کو ساتھ لیکر کرپشن کے خلاف شعور و آگاہی کے چراغ فروزاں کر رہا ہے۔نوجوان نسل خصوصا تعلیمی درس گاہوں میں زیرِ تعلیم طلباؤ طالبات کی مثبت خطوط پر ذہن سازی نیب کا ہدف ہیں۔ طلباء و طالبات نیب کی بدعنوانی کے خلاف مہم کا حصہ بنیں۔انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ اس عزم کا اعادہ کریں کہ وہ تدریس سے فارغ ہو کر کرپشن سمیت تمام معاشرتی برائیوں کے خلاف جہاد کرینگے۔قبل ازیں ڈی جی نیب بلوچستان مرزا عرفان بیگ نے کامیاب طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کیے۔