پشتونخوامیپ نے آمریت کیخلاف تاریخی کردار ادا کیا ہے ، رضا محمد

  • October 15, 2018, 12:24 am
  • National News
  • 125 Views

ژوب ( پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع ژوب اور ضلع شیرانی کے زیر اہتمام 7اکتوبر کے شہدا جمہوریت اور11اکتوبر کے شہدا وطن کی یاد میں ظریف شہید پارک میں جلسہ عام منعقد ہوا ۔ جلسے سے پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سابق سنیٹر رضا محمد رضا ، پارٹی رہنماؤں عبدالقیوم ایڈووکیٹ ، عبدالعزیز ایڈووکیٹ، جمال خان مندوخیل، ڈپٹی چےئرمین نصیب خان ناصر ، محمود شیرانی ،میروائس خان اور حافظ عید محمد نے خطاب کرتے ہوئے شہداکو ان کی لازوال قربانیوں پر زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ مقررین نے کہا کہ پشتونخوامیپ نے ضیاء الحق کے بدترین مارشلاء کے خلاف ملک کی جمہوری قوتوں کے ہمراہ تحریک بحالی جمہوریت کو متحد ومنظم کرنے اور7اکتوبر 1983کو کوئٹہ میں آمریت کے خلاف تاریخی مظاہرہ کرکے پارٹی کے سربازکارکنوں اولس یار شہید ، کاکا محمود شہید ، رمضان شہید اور دواؤد شہید کی شہادت ، پارٹی کے چےئرمین کی روپوشی اور پارٹی قائدین فوجی آمریت کے خاتمے کیلئے تاریخی کردار ادا کیا ۔ انہوں نے کہاکہ جنوبی پشتونخوا کے پشتونوں کا المیہ ہے کہ ان پر ملکی سطح کی پنجابی بالادستی اور صوبے کی سطح پر بلوچ کی بالادستی مسلط ہے ۔1991میں بوستان زرعی کالج کو بزور طاقت ختم کرنے کی غرض سے کوئٹہ کے عوام پر تشدد کی صورتحال مسلط کی گئی جب پشتونخوامیپ نے اپنے عوام کے دفاع کیلئے آواز اٹھائی تو11اکتوبر کو پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ پر حملہ کرکے پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عبدالرحیم کلیوال ،باز محمد باز ،سید صابر شاہ ، صاحب خان اور حبیب الرحمن کو شہید کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ نے ملک کی محکوم قوموں کو پنجابی استعماری بالادستی اور آمریتوں سے نجات دلانے کی جدوجہد میں ہمیشہ کلیدی اور رہنماء کردار اداکیا اور جنوبی پشتونخوا کے قومی وجود کی بقا اپنی تاریخی سرزمین کے دفاع اور دو قومی مشترکہ صوبے میں پشتونوں کی قومی برابری کیلئے پر افتخار قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ استعماری مقاصد کی تکمیل کیلئے حالیہ انتخابات میں بدترین دھاندلی کے ذریعے ملک پر موجودہ حکومت مسلط کی جو ایک مہرے کا کردار ادا کریگی جبکہ اصل اختیارات اسٹیبلشمٹ کے پاس رہیں گے ۔ جس نے گذشتہ ستر سالوں کے دوران ملک کو کھربوں ڈالر کا مقروض بنا کر ملک کے عوام پر بدترین ٹیکسوں اور قمر توڑ مہنگائی کی صورتحال مسلط کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں مداخلت اور جارحیت کی جنگ کو دوام دیکر ملک اور خطے پر عالمی دہشتگردی کی جنگ مسلط کی ہے جبکہ افغانستان میں امن ہی اس خطے کے امن سے مشروط ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکوم قوموں اور ملک کے مظلوم عوام کی محکومی اور تباہ حالی کا خاتمہ اسٹیبلشمنٹ کے اقتدار کے خاتمے کے بغیر ممکن نہیں۔