سی پیک منصوبہ پاک چین تعلقات کونئی جیت دیگا، وزیراعلیٰ جام

  • October 16, 2018, 12:16 am
  • National News
  • 157 Views

اسلام آباد+کوئٹہ (خ ن )چیئر مین بلوچستان عوامی پارٹی ووزیراعلی بلوچستان جام کمال خان کی قیادت میں پارٹی کے سینئر رہنماں پر مشتمل وفد اور چین کی کیمونسٹ پارٹی کے وزیر بین الاقوامی شعبہ مسٹر سونگ ٹا (Mr.Song Tao) اور ان کے وفد کے درمیان اعلی سطحی ملاقات ہوئی، ملاقات کے دوران بلوچستان کی ترقی، سی پیک میں بلوچستان کے کردار، صوبے میں چین کے تعاون سے جاری اور مجوزہ منصوبوں،باہمی تعاون کے فروغ اور سیاسی امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی، وزیراعلی نے اس موقع پر سی پیک منصوبے پر حکومت بلوچستان کے موقف اور منصوبے کے حوالے سے بلوچستان کے عوام کی توقعات کے علاوہ مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات اور بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے صوبائی حکومت کے اقدامات سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان معدنیات، زراعت، ماہی گیری، توانائی اور لائیواسٹاک کے شعبوں کو ترقی دے کر اپنے ان وسائل کو صوبے اور عوام کی خوشحالی و فلاح وبہبود کے لئے بروئے کار لانا چاہتی ہے جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی گڈگورننس پر یقین رکھتی ہے، انسانی وسائل کی ترقی کو بھی بے پناہ اہمیت دیتی ہے اور ہماری خواہش ہے کہ ہم اپنی یوتھ کو تعلیم کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں میں تکنیکی تربیت فراہم کرکے انہیں سی پیک کی شکل میں ملنے والی ترقی کے وسیع مواقعوں سے استفادہ کرنے کے قابل بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک ایک عظیم منصوبہ ہے جو چین اور پاکستان کے درمیان موجود تعلقات کو ایک نئی جہت دے گا اور اس سے بالخصوص بلوچستان میں ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوگا، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اورعوام کو سی پیک منصوبے سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں جو سی پیک میں شامل بلوچستان کے منصوبوں کی تکمیل سے پوری ہوں گی۔ مسٹر سونگ ٹا نے وزیراعلی کے موقف سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک میں بلوچستان کی بنیادی اہمیت ہے لہذا بلوچستان کی ضروریات کے مطابق جاری منصوبوں کی تکمیل کے علاوہ مجوزہ منصوبے پر بھی عملدرآمد کیا جائے گا اور بلوچستان میں چینی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ کیا جائے گا جس کا مختلف چینی کمپنیاں جائزہ لے رہی ہیں۔ انہوں نے بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماں کو چین کے دورے کی دعوت دی،وزیراعلی نے اس دعوت کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی پارٹی کے سینئر رہنماں کے ہمراہ جلد چین کا دورہ کریں گے۔ بلوچستان کے وفد میں بی اے پی کے بانی رہنما سعید احمد ہاشمی، رکن صوبائی اسمبلی میر جان محمد جمالی، سینیٹر انوارالحق کاکڑ، سینیٹر محترمہ ثنا جمالی، سینیٹر میر سرفراز بگٹی او رصوبائی وزیر زمرک خان اچکزئی جبکہ چینی وفد میں چین کے سفیر مسٹر یا جنگ (Mr. Yao Jing)کے علاوہ دیگر چینی حکام شریک تھے۔