پاکستان اور ایران خطے میں رونما ہونے والی تبدیلیوں سے بھرپور معاشی و تجارتی استفادہ کریں ، گورنر یاسین زئی

  • October 16, 2018, 11:29 pm
  • National News
  • 161 Views

کوئٹہ (خ ن )گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران خطے میں رونما ہونے والی تبدیلیوں سے بھرپور معاشی و تجارتی استفادہ کریں دونوں برادر ہمسائیہ ممالک کے درمیان سرحدی تجارت کی مزید فعالیت سے نہ صرف سمگلنگ اور دہشتگردی کا خاتمہ ہوجائے گا بلکہ تجارتی سرگرمیوں کے فروغ سے بالخصوص بلوچستان اور سیستان بلوچستان کی معاشی و معاشرتی ترقی و خوشحالی بھی یقینی ہوجائیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایران کے نادر میر شکار کی قیادت میں 20رکنی وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے تجارتی نمائندے اور جوائنٹ بارڈر ٹریڈ کمیٹی کے ارکان بھی موجود تھے ۔اس موقع پر گورنر نے کہا کہ پاکستان اور ایران برادر ہمسائیہ ممالک ہیں اور دونوں کے درمیان تاریخی ، ثقافتی،معاشی اور تجارتی تعلقات قائم ہیں اور دونوں کے باہمی تعاون سے باہمی تعلقات مزید مستحکم ہوجائینگے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں خصوصاً بلوچستان اور سیستان بلوچستان میں ترقی اور تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں اس ضمن میں ضرورت ہے کہ پاکستان اور ایران میں ایکسپورٹریڈ سینٹرز کا قیام عمل میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تعلیم، توانائی، تجارت اور سیاحت کے حوالے سے تعلقات بڑھانے کا خواہشمند ہے۔ انہوں نے کہا کہ جوائنٹ کمیشن کی سطح پر وفود کے تبادلوں کے ذریعے ہی باہمی تجارتی روابط میں اضافہ ممکن ہے اور موثر تعلقات سے درپیش باہمی مشکلات اور حائل رکاوٹوں پر قابو پایاجاسکتا ہے۔آخر میں مہمانان گرامی کے درمیان تحائف اور یادگاری شیلڈز کا تبادلہ بھی ہوا۔