گھر بیٹھے تنخواہ لینے والے اساتذہ کی فہرستیں تیار کی جارہی ہیں ، محمد خان لہڑی

  • October 16, 2018, 11:30 pm
  • National News
  • 172 Views

کوئٹہ(ویب ڈیسک)صوبائی مشیر تعلیم حاجی محمد خان لہڑی نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم میں ڈیوٹی نہ دینے والے اساتذہ کے خلاف سخت کا رروائی کی جا ئے گی گھر بیٹھے تنخواہ لینے والے اساتذہ کی لسٹیں تیارکی جارہی ہیں ایسے افراد کی محکمہ ایجوکیشن میں کوئی جگہ نہیں ہے بند اسکولوں کو دوبارہ فعال بناکر قوم کے معماروں کا مستقبل سنواراجائے گا اورمحکمہ تعلیم میں پائی جانے والی خامیوں کو دور کرنے کے لئے اقدامات کیئے جارہے ہیں تعلیم کے شعبہ کے نظام میں بہتری لانا میری اولین ترجیحات کاحصہ ہے اسکولوں میں اساتذہ کی کمی کو دور کرنے کے لئے اساتذہ بھرتی کرکے اسکولوں کو فنگشنل کیاجائے گا کارکردگی دکھانے والے اساتذہ کی بھرپور حوصلہ افزائی کریں گے علم دوست اساتذہ کو چاہئے کہ وہ تعلیم کے فروغ کے لئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں تاکہ درس وتدریس کا عمل موثرانداز کے ساتھ جاری وساری رہے ان خیالات کااظہار انہوں نے گورنمنٹ مڈل اسکول خدابخش کھوسہ کی 50لاکھ روپے کی لاگت سے نئی تعمیر ہونے والی بلڈنگ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ڈویژنل ڈائریکٹر عبدالرزاق ساتکزئی ڈی ای او نصیرآباد حفیظ اللہ کھوسہ ڈی ڈی او ایجوکیشن ڈیرہ مرادجمالی ریاض احمد بھنگر ڈی ڈی او فیمیل میڈم خانزادی بلوچ اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد علی مینگل روزی خان حاجی سائیں ڈنہ کھوسہ ہیڈ ماسٹر غلام مرتضی کھوسہ عطاء اللہ ساسولی نثار احمد مری بھی موجود تھے حاجی محمد خان لہڑی نے کہا ہے کہ ایجوکیشن کا قلمدان میرے لئے کسی چیلنج سے کم نہیں وزیراعلی بلوچستان جام کمال نے محکمہ تعلیم کوجدیدخطوط پر استوار کرنے اور اس میں پائی جانے والی تمام خامیوں کو دور کرنے کے لئے اہم احکامات جاری کردیئے گئے ہیں انہوں نے کہاکہ صوبے میں بند اسکولوں کو فنگشنل کردیاجائے گا جہاں اساتذہ کی کمی ہوگی وہاں اساتذہ کی تعیناتی کی جائے گی میریٹ کی بنیادپرخالی اسامیوں پر بھرتی کرنے کے لئے صاف شفاف نئی پالیسی مرتب کی جارہی ہے انہوں نے کہا کہ محنتی آفیسران کی تعیناتی عمل میں لائی جارہی ہے کارکردگی کامظاہرہ کرنے والے آفیسران اوراساتذہ کی بھرپور حوصلہ افزائی کریں گے فرائض میں غفلت برتنے اور اسکول نہ جانے والے اساتذہ کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔