ہماری مشترکہ مشکلات کا حل ہماری مشترکہ کاوشوں سے ہی ممکن ہے، گورنر بلوچستان

  • October 23, 2018, 11:11 pm
  • National News
  • 155 Views

کوئٹہ(خ ن )گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ ہماری مشترکہ مشکلات کا حل ہماری مشترکہ کاوشوں سے ہی ممکن ہے ۔ لہٰذا ضروری ہے کہ ایک صحت معاشرے کے قیام کیلئے اجتماعی شعور اور احساس ذمہ داری کوفروغ دیناہے ۔ انہوں نے کہا کہ فرد کے مفادات کو قومی اور اجتماعی فائدوں کیلئے قربان کرکے ہی حقیقی ترقی اور سماجی بہبود کے مقاصد حاصل کئے جاسکتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز گورنر ہاؤس کوئٹہ میں پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر نوابزادہ شریف خان جوگیزئی کی قیادت میں وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ وفدسے گفتگو کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے کہا کہ صوبے اور عوام کے روشن مستقبل کیلئے ہمیں علاقائیت سے بالا تر ہوکریکجا ہونا ہوگا ۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر نے کہا کہ پرائیوٹ اور سرکاری تعلیمی اداروں کے نظام تعلیم اور نصاب تعلیم میں بہت تغاوت ہے جس سے پورے سماج کا شیرازہ منتشر ہے ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ پورے نظام تعلیم میں یکسانیت اور معیاری نصاب متعارف کیا جائے تاکہ ایجوکیشن سیکٹر میں موجود ناہمواریوں کا خاتمہ ممکن ہوسکے ۔ گورنر نے اس بات پر یقین کا اظہار کیا کہ ہم یکساں اور متوازن ترقی پر یقین رکھتے ہیں اور حقیقی مسرت بھی بے لوث انسانی خدمت میں پوشیدہ ہے ۔ ہماری کوشش اور خواہش ہے کہ صوبے بھر میں تعلیم ، صحت اور پانی کے حوالے سے کوئی شکایت نہ ہو اور یہ اسی وقت ممکن ہوسکتا ہے جب ہم ایک دوسرے کے درد کو بٹورنے اور خوشیاں تقسیم کرنے کا جذبہ اپنائیں ۔