کوئٹہ ،نجی سکول پر فائرنگ 4طلبہ زخمی ، وزیراعلیٰ کی مذمت، رپورٹ طلب

  • October 25, 2018, 12:15 am
  • National News
  • 91 Views

کوئٹہ (ویب ڈیسک+خ ن )کوئٹہ کے علاقے کلی شابو میں مسلح افراد کی نجی سکول پر فائرنگ کے نتیجے میں 4بچے زخمی ہوگئے ہیں ،زخمیوں ایک بچی جبکہ تین بچے شامل ہیں جن کی عمریں 10سال سے 12سال کے درمیان بتائی جارہی ہے ،دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اور صوبائی وزیر داخلہ میر سلیم کھوسہ نے کلی شابو میں سکول پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقہ کلی شابو میں نجی اسکول پر فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں چار طلبا ء 10سالہ نسیمہ ولد فیض محمد ،12سالہ گل محمد ولد عبدالوہاب ،9سالہ سلمان ولد مزار خان اور 10سالہ مسعود اظہر ولد عبدالرؤف زخمی ہو گئے۔ زخمی ہونے والے طلبا میں ایک طالبہ بھی شامل ہے۔ فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے طلبا کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نجی اسکول پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی ، فائرنگ کے بعد ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے البتہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے آپریشن کا آغاز کر دیا ہے ،ڈاکٹرز کے مطابق 4طلباء کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے ۔دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کوئٹہ کے علاقے کلی شابو میں نجی سکول پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے اس میں بچوں کے زخمی ہونے پر افسوس کااظہار کیاہے انہوں نے متعلقہ حکام سے فائرنگ کے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی اور کہاکہ واقعہ میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے ۔دوسری جانب صوبائی وزیر داخلہ میر سلیم کھوسہ نے کلی شابو میں فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ واقعہ میں ملوث عناصر کو جلد سے جلد گرفتار کیاجائے گا انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے امن وامان کی صورتحال کو خراب کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائیگی۔واقعہ کے خلافبلوچستان کے سیاسی جماعتوں صوبائی وزراء ، اراکین اسمبلی اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کوئٹہ میں نجی سکول پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کر تے ہوئے کہا کہ دہشت گرد اپنے عزائم کو تکمیل دینے کے لئے اس طرح اقدامات کر رہے ہیں حکومت اور ادارے دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے موثر اقدامات اٹھائے اور اپنے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئے لائحہ عمل طے کریں دہشت گردوں نے ہمیشہ سافٹ ٹارگٹ دیکھ کر کا رروائی کی ہے ہم مل کر دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اپنا کردا رادا کرینگے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر سردار یار محمد رند، پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر وسینیٹر عثمان کاکڑ، پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر میر علی مدد جتک،بلوچستان عوامی پارٹی کے بانی سعید ہا شمی، ہزارہ ڈیمو کریٹک پارٹی کے چیئرمین عبدالخالق ہزارہ، صوبائی وزراء میر ضیاء اللہ لانگو، حاجی محمد خان طور اوتمانخیل، نور محمد دمڑ، مٹھا خان کاکڑ، سابق وزراء میر عاصم کر د گیلو، میر عبدالکریم نو شیروانی، رقیہ ہا شمی ،عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء رشید خان ناصر، بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء ملک مجید کاکڑ نے کلی شابو میں واقع نجی سکول پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کر تے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد اپنے عزائم کو تکمیل دینے کے لئے کمزور جگہ تلاش کر کے کا رروائی کر تے ہیں بلوچستان ایک قبائلی صوبہ ہے اور یہاں پر اس طرح واقعات کی ہم مذمت کرتے ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ یہ واقعہ بچوں پر نہیں بلکہ بلوچستان پر حملہ ہے انہوں نے کہا ہے کہ حکومت اور اداروں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ امن وامان کی صورتحال بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔