مسائل کے حل میں بلدیاتی ادارے ریڑھ کی ہڈی کی طرح ہیں، صالح بھوتانی

  • October 25, 2018, 12:16 am
  • National News
  • 46 Views

کوئٹہ(خ ن )صوبائی وزیر بلدیات سردار صالح بھوتانی نے کہا ہے کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ پہلی مرتبہ لوکل گورنمنٹ کے حوالے سے مشاورتی سیمینار کا انعقاد کیا گیا ہے۔ جوکہ صوبے میں نہیں بلکہ پورے ملک میں پہلی مرتبہ ہوا ہے۔ جس کا مقصد بلوچستان کے تمام ضلعی اور مقامی نمائندوں کو ایک جگہ اکٹھا کرنا ہے تاکہ ہم ایک نیا مسودہ قانون مرتب کرسکیں اور اسی کے مطابق ہم آگے چلیں تاکہ صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز لوکل گورنمنٹ کے حوالے سے منعقدہ مشاورتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سیمینار میں اراکین صوبائی اسمبلی، ایڈیشنل سیکریٹری ترقیات ، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ ، میئر میٹرو پولیٹن کارپوریشن کوئٹہ ،ڈپٹی میئر میٹر و پولیٹن کارپوریشن کوئٹہ،صوبہ بھر کے ڈسٹرکٹ چیئرمین ڈپٹی چیئرمین اور بلدیاتی اداروں کے نمائندگان و افسران نے شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ بلوچستان بڑا حساس صوبہ ہونے کے ساتھ ساتھ رقبے کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا صوبہ ہے۔ اس لئے اس کے مسائل بھی زیادہ ہیں اور ان مسائل کے حل کیلئے بلدیاتی ادارے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اس لیئے ہمیں ایسا سسٹم لانا چاہیئے جس سے ہمارا آپسی ماحول متاثر نہ ہو اور ہم سب مل جل کر صوبے کے عوام اور اس کی ترقی کیلئے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مسائل زیادہ ہیں جبکہ وسائل محدود ہمیں انہی وسائل میں رہتے ہوئے مسائل کو حل کرنا ہے تاکہ عوام ترقی کے ثمرات سے مستفید ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک بلدیاتی اداروں کو خطیر فنڈز جاری کئے جاچکے ہیں لیکن چونکہ بلوچستان ایک وسیع رقبے پر پھیلا ہوا ہے اور اسکی آبادی کافی منتشر ہے جسکی وجہ سے بہت زیادہ علاقوں میں ترقی لانا آسان کام نہیں ہے جس کیلئے ہمیں ایک ایسا طریقہ کار وضح کرنا ہوگا جس سے ہم صوبے کے تمام دور افتادہ علاقوں کے عوام تک سہولیات پہنچائیں تاکہ وہ بھی ترقی و خوشحالی کے ثمرات سے مستفید ہوسکیں۔ سیمینار میں اراکین صوبائی اسمبلی و بلدیاتی نمائندگان نے تجاویز دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جس میں بلدیاتی اداروں کے نمائندگان اور افسران شامل ہوں جو ایسالائحہ عمل تشکیل دیں جس سے بلدیاتی اداروں کی کارکردگی میں اضافہ ہوتاکہ صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکے۔