ایشیائی پارلیمانی کانفرنس سے بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا، وزیراعلیٰ جام

  • October 28, 2018, 11:16 pm
  • National News
  • 45 Views

کوئٹہ(خ ن )وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے گوادر میں سینٹ آف پاکستان کے زیراہتمام ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کی سیاسی امور کی کمیٹی کے تین روزہ اجلاس کے انعقاد پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کانفرنس کے مندوبین کا گوادر کے عوام، صوبائی حکومت اور اپنی جانب سے خیرمقدم کیا ہے، اپنے ایک تہنیتی بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا ہے کہ مستقبل کے معاشی اور تجارتی شہر گوادر میں اپنی نوعیت کی پہلی اور حجم کے لحاظ سے سب سے بڑے بین الاقوامی اجلاس کا انعقاد چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی کی کاوشوں کی بدولت ممکن ہوا جس کے لئے وہ مبارکباد کے مستحق ہیں جبکہ صوبائی حکومت نے بھی اجلاس کے انعقاد کے لئے بھرپور معاونت فراہم کرکے خیرسگالی جذبات کا اظہارکیا ہے، انہوں نے کہا کہ اجلاس میں 26ملکوں کے 100سے زیادہ مندوبین کی شرکت ایک بہت بڑی پیشرفت ہے جس سے بین الاقوامی سطح پر گوادر کی اہمیت اجاگر ہوگی اور بیرونی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہوگا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس قسم کی سرگرمیوں کے انعقاد سے مقامی معیشت اور گوادر کے لوگوں کے روزگار پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے جبکہ اجلاس کے مندوبین کو گوادر سے متعلق معلومات اور یہاں سرمایہ کاری کے امکانات سے آگاہی حاصل ہوگی جس کے متعلق وہ اپنے اپنے ملکوں کے سرمایہ کاروں کو آگاہ کرسکیں گے اور شریک ممالک کے درمیان معاشی تعاون کو فروغ ملے گا، اجلاس کا انعقاد گوادر پورٹ کے ذریعہ خطے میں تجارتی اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کی بنیاد ثابت ہوگا، انہوں نے کہا کہ اجلاس کا موضوع امن اور ترقی ہے جس میں انٹرنیشنل پارلیمنٹری یونین اور ایشیائی پارلیمانی سیکریٹریٹ کے نمائندے بھی شریک ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ گوادر کے عوام مہمان نوازی کی اپنی اعلیٰ روایات کے تحت غیرملکی مندوبین کا استقبال کرنے کے لئے تیار ہیں۔