بہتر حکمت عملی کی بدولت مالی بحران پر جلد قابو پالیں گے ، جام کمال

  • October 29, 2018, 10:50 pm
  • National News
  • 56 Views

کوئٹہ(خ ن )وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کے وژن ورہنمائی اور صوبائی کابینہ کے فیصلوں پر عملدرآمد کے ذریعہ صوبے کے مالی وترقیاتی امور میں بہتری آرہی ہے، محکمہ منصوبہ بندی وترقیات نے جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کے حوالے سے ایک جامع حکمت عملی تیار کی ہے جبکہ محکمہ خزانہ مالی نظم ونسق کی بہتری کے ذریعہ دستیاب وسائل کے بہتر استعمال کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان کو ایڈیشنل چیف سیکریٹری محکمہ منصوبہ بندی وترقیات سجاد احمد بھٹہ اور سیکریٹری خزانہ نورالامین مینگل کی جانب سے صوبے کے ترقیاتی ومالی امور کی بہتری کے لئے کئے جانے والے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت اور کابینہ کے فیصلے کی روشنی میں ترقیاتی عمل کو جاری رکھنے اور جاری اور نئے منصوبوں پر عملدرآمد کے حوالے سے ایک واضح پالیسی تیار کی گئی ہے جسے حتمی منظوری کے لئے کابینہ کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا اور منظوری کے بعد اس پر فوری طور پر عملدرآمد کا آغاز کردیا جائے گا، وزیراعلیٰ کو صوبے کے مالی امور ، دستیاب وسائل اور وفاق سے فنڈز کی وصولی کے حوالے سے بھی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا، وزیراعلیٰ نے مالی اور ترقیاتی امور کی احسن طریقے سے انجام دہی کے لئے محکمہ پی اینڈ ڈی اور محکمہ خزانہ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بے شک اس وقت صوبہ مالی مشکلات کا شکار ہے، تاہم ہم بہتر حکمت عملی کے ذریعہ ان مشکلات پر قابو پائیں گے اور ترقیاتی عمل کو بھی جاری رکھا جائے گا۔ اس موقع پر صوبے کے اپنے محاصل میں اضافہ کی ضرورت سے بھی اتفاق کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ ان تمام محکموں کی استعداد کار میں اضافہ کے لئے بھرپور اقدامات کئے جائیں گے جو ریونیو حاصل کرتے ہیں، ان میں بلوچستان ریونیو اتھارٹی، محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، محکمہ معدنیات اور محکمہ ماہی گیری سرفہرست ہیں۔وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت منعقد ہونے والے ایک اجلاس میں بلوچستان آئل اینڈ گیس کمپنی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا، سیکریٹری محکمہ توانائی خلیق نذر کیانی نے کمپنی کے امور پر بریفنگ دی۔ ایڈیشنل چیف سیکریٹر ی منصوبہ بندی وترقیات سجاد احمد بھٹہ، سیکریٹری قانون عبدالرحمن بزدار اور سیکریٹری خزانہ نورالامین مینگل بھی اجلاس میں شریک تھے۔ اجلاس میں بلوچستان آئل اینڈ گیس کمپنی کی فوری فعالی سے اتفاق کرتے ہوئے کمپنی کے مینجینگ ڈائریکٹر اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اراکین کی تعیناتی کا فیصلہ کیا گیا جبکہ محکمہ قانون کو کمپنی کے قانونی امور کے حوالے سے محکمہ توانائی کو معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی، اجلاس کوبتایا گیا کہ کمپنی سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے ساتھ رجسٹرڈ ہے جبکہ ایم ڈی کی تعیناتی او ر بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تکمیل کے بعد کمپنی کو اسٹاک ایکسچینج کے ساتھ بھی رجسٹرڈ کیا جائے گا۔ اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبائی حکومت کو تیل اورگیس کے ذخائر پر مشتمل ایک بلاک الاٹ کیا گیا ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت مزید دو بلاکس کی صوبے کو الاٹمنٹ کے حوالے سے وفاقی حکومت سے بات کرے گی انہوں نے اس حوالے سے مشترکہ مفادات کونسل میں پیش کرنے کے لئے کیس تیار کرنے کی ہدایت بھی کی۔