ضمنی انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے ، پیپلزپارٹی

  • October 30, 2018, 11:32 pm
  • National News
  • 38 Views

کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ ،سیکرٹری اطلاعات سردارربلند جوگیزئی ،سابق سینیٹر روزی خان کاکڑ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 258اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 5کے ضمنی انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی اور جلد ہی پارٹی کے صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک سے صلاح مشورے کے بعد انتخابی مہم شروع کی جائے گی۔ یہ بات انہوں نے منگل کو پیپلزپارٹی بلوچستان کے میڈیا سیل میں پارٹی کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پر شہزادہ کاکڑ،حیات خان اچکزئی اوردیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 258سے پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردارسربلند جوگیزئی اور حلقہ پی بی 5سے ملک محمد شاہ ترین پارٹی کے ٹکٹ یافتہ امیدوار ہیں اوران دونوں حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی بھر پور حصہ لے گی اس سلسلے میں پارٹی کے صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک سے جلد ہی صلاح مشورے کے بعد باقاعدہ انتخابی مہم کا آغاز کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں ایک سازش کے تحت پاکستان پیپلز پارٹی کو ہرایا گیا لیکن پیپلز پارٹی ضمنی انتخابات میں بھر پور حصہ لے کرکامیابی حاصل کریگی کارکن انتخابی مہم چلانے کیلئے بھرپور تیاریاں کریں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو بلوچستان بھر میں یونین کونسل کی سطح پرفعال اور منظم کیا جائے گا اور آنے والے بلدیاتی انتخابات میں بھی پیپلز پارٹی بلوچستان بھر سے حصہ لے گی۔انہوں نے کہا کہ ملک میں تبدیلی لانے کے بڑے دعوے کرنے والوں نے بجلی ، گیس سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں پر اضافہ کرکے عوام پر بجلی گرائی ہے عوام حکمرانوں کا احتساب ضرور کریگی۔