صحت مند معاشرے کے قیام مہلک بیماریوں کا خاتمہ کرنا ہوگا،گورنربلوچستان

  • November 1, 2018, 11:02 pm
  • National News
  • 67 Views

کوئٹہ(خ ن )گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ ہر قسم کی مہلک بیماریوں سے پاک صحت مند معاشرے کا قیام اگرچہ مشکل کام ہے مگر ناممکن ہر گز نہیں ہے اس مقصد کے حصول کیلئے ہمیں بچوں پر حملہ آور پولیو سمیت تمام مہلک بیماریوں کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خسرہ اور پولیو جیسی موذی بیماری کے خاتمے کیلئے محکمہ صحت اور اس سے منسلک تمام سرکاری اور غیر سرکاری ادارے اپنا بھر پور کردار ادا کریں تاکہ صوبے بھر کے بچوں کے بہتر مستقبل کو محفوظ اور یقینی بنایا جاسکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیسف کی جانب سے پاکستان میں تعینات کنٹری ڈائریکٹر (MS. ADIA GIRMA MELAKU) کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ ضروری ہے کہ بلوچستان میں خوراک اور غذائیت کے حوالے سے عوامی بیداری مہم چلائی جائے انہوں نے علماء اکرام ، اساتذہ اکرام اور بالخصوص بلدیاتی اداروں اور میڈیا پرسنز پر زور دیا کہ بچوں کے حقوق کی پاسداری اور مہلک بیماریوں کے خاتمے کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے میں بھر پور کردار ادا کریں انہوں نیصوبے میں فوڈ سیکیورٹی مہیا کرنے ، عورتوں میں شرح اموات پر قابو پانے اور زچہ و بچہ کی صحت کو یقینی بنانے کیلئے حکومتی اقدامات اور ملکی اور بین الاقوامی اداروں کے تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔