بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال بہتر ، کھیلوں کو ضلعی سطح پر فروغ دینگے ، وزیراعلیٰ جام

  • November 2, 2018, 11:37 pm
  • Sports News
  • 127 Views

کوئٹہ (خ ن ) وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کوئٹہ میں بلوچستان انٹرنیشنل اسکواش لیگ کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ایونٹ کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی ہے، اپنے ایک تہنیتی پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہاہے کہ لیگ کا انعقاد ایک اہم پیشرفت ہے جس سے نہ صرف کوئٹہ اور بلوچستان کے حوالے سے بین الاقوامی سطح پر ایک مثبت تاثر اجاگر ہوگا بلکہ صوبے کے نوجوان اسکواش پلیئرز کو بین الاقوامی کھلاڑیوں کو کھیلتا دیکھنے اور سیکھنے کے مواقع بھی ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان نے اسکواش کے میدان میں ہمیشہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے او ریہاں نامور کھلاڑیوں نے جنم لیا ہے جنہوں نے بین الاقوامی سطح پر ملک اور صوبے کا نام روشن کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوئٹہ میں ان مقابلوں کا انعقاد اس حقیقت کا مظہر ہے کہ صوبے میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے، ماضی میں ایسی سرگرمیوں کے انعقاد کا تصور نہیں کیا جاسکتاتھا، کوئٹہ میں نیشنل گیمز کا انعقاد بھی کیا جارہا ہے جس کے لئے بھرپور تیاریاں کی جارہی ہیں۔ حکومت اپنے نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کررہی ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی محکمہ کھیل کو صوبے کے کھلاڑیوں کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی کرنے اور انہیں مختلف کھیلوں کے بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لینے کے لئے تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ ضلعی سطح پر کھیلوں کی سہولتوں کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔