مولانا سمیع الحق کا قتل بہت بڑا سانحہ ہے ، لشکری رئیسانی

  • November 4, 2018, 11:11 pm
  • National News
  • 65 Views

کوئٹہ( این این آئی) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے ممتاز عالم دین جمعیت علماء اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق کے قاتلانہ حملے میں شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ میں ملوث نامعلوم افراد کے آگے ریاستی اداروں کی بے بسی کو پر امن سماج کیلئے لمحہ فکریہ قرار دیاہے ۔اپنے مذمتی بیان میں نوابزادہ لشکری رئیسانی نے کہا کہ غیر انسانی اقدام کے ذریعہ 81سالہ ضعیف العمر عالم دین کا قتل ایک بہت بڑا سانحہ ہے ۔انہوں نے کہا ہے گزشتہ 70 سالوں سے حکمرانوں کی روا رکھی گئی ناروا اور غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک پہلے ہی بحرانوں کا شکار ہے ایسے میں مدرسہ دارالعلوم اکوڑہ خٹک کے مہتمم کی شہادت خودریاست اور ایک پرامن سنجیدہ سماج کے لیے لمحہ فکریہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جس سماج میں ریاست اور ریاستی ادارے ان نامعلوم افراد کے آگے بے بس ہوں جنہوں نے کئی سالوں سے ملک میں قتل و غارگری برپاکررکھی ہے اس بات کی دلیل ہے کہ ریاست اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کررہی ۔ انہوں نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں وکلاء پولیس کیڈیٹس ، سانحہ درینگڑھ درجنوں خودکش حملوں میں ہزاروں افراد کے اجتماعی قتل عام سمیت ملک کے طول وعرض میں بے بس لوگوں کے قتل کے محرکات سے عوام کو آگاہ اور ملوث عناصر کی نشاندہی کرنا ریاست کی آئینی ذمہ داری ہے تاہم ریاست اپنی ذمہ داریوں سے انحراف کرتے ہوئے آج تک دہشتگردی کے واقعات میں ملوث افراد کو گرفتار نہیں کرپائی ہے ۔نوابزادہ لشکری رئیسانی نے مولانا سمیع الحق کے قتل کو ایک بہت بڑا سانحہ قرار دیتے ہوئے پسماندگان جمعیت (س) کے کارکنوں اور مولانا سمیع الحق کے شاگردوں سے تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔