حکومت ملک و قوم کی ترقی میں بلکل سنجیدہ نظر نہیں آرہی ،جے یوآئی

  • November 5, 2018, 11:12 pm
  • National News
  • 59 Views

کوئٹہ (پ ر) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سرپرست اعلی اور رکن قومی اسمبلی مولانا قاضی عصمت اللہ نے کہا ہے کہ حکومت ملک و قوم کی ترقی میں بلکل سنجیدہ نظر نہیں آرہی ہے۔جن قوتوں نے جن مقاصد کیلئے اقتدار سونپا صرف اسی پر کام ہورہا ہے۔اگر صرف یہی کام لینا تھا تو الیکشن کے نام پر مہنگائی کا ڈرامہ کیوں رچایا گیا جس پر ملکی خزانے سے اربوں روپے لٹائے گئے. عوام کو حکومت کی بھیک پالیسی سے کوئی سروکار نہیں عوام ترقی اور ریلیف چاہتی ہے اسی بنیاد پر نام نہاد الیکشن برداشت کئے گئے۔اگر مذید بھی یہی حالات رہے تو عوام کو سیاسی نظام سے اعتماد اٹھ جائے گا۔ان خیالات کا اظہار مولانا عصمت اللہ نے اسلام آباد میں اپنی رہائشگاہ پر ایک مقامی جریدے کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ مولانا عصمت اللہ نے کہا کہ پارلیمنٹ ہم سب کا حد مشترک اور سپریم ادارہ ہے جس میں ہر ممبر کو بولنے کو حق ہے مگر وہاں پر چند ان شخصیات کو بولنے کا موقع دیا جاتا ہے جنھیں بھاری تنخواہوں کے علاوہ وزارتیں۔گاڑیاں اور پر تعیش بنگلے بھی دیے گئے ہیں۔ہم نے بار بار اس بات پر زور دیا ہے بولنا ہر ممبر کا حق ہے کیونکہ پارلیمنٹ میں آئے لوگ دراصل وہ عوامی اعتماد ہے جسکی وجہ سے پاکستان میں جمہوریت قائم ہے اور سسٹم چل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ قرض لینا اگرچہ عیب نہیں گذشتہ حکومتوں نے بھی لیا ہے مگر موجودہ حکومت جس انداز سے گھر گھر جاکر بھیک کے انداز میں جو قرض مانگ رہی ہے اس سے پاکستانی قوم کی بے توقیری ہورہی ہے اور ملکی امیج متاثر ہورہا ہے۔