بلدیاتی نمائندوں کو خود مختاری دیئے بغیر ترترقیاتی منصوبے کامیاب نہیں ہونگے ، گورنر یاسین زئی

  • November 6, 2018, 11:13 pm
  • National News
  • 49 Views

کوئٹہ(خ ن )گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ بلدیاتی اداروں کی حقیقی خود مختاری اور بلدیاتی نمائندوں کو فوری اور عوامی ضروریات کے مطابق فنڈز کی فراہمی کے بغیر کوئی بھی منصوبہ کامیابی سے ہمکنار نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نظام کو مضبوط اور مستحکم بنانے کیلئے مختلف اداروں کے درمیان مربوط اور مشترکہ حکمت عملی کا ہونا نہایت ضروری ہے کیونکہ عوام کی ترقی میں عوام ہی کی شرکت یقینی بنانے سے ایک خدمت گار نظام کو پروان چڑھایا جاسکتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز گورنر ہاؤس کوئٹہ میں ڈسٹرکٹ چیئرمین کوئٹہ حبیب الرحمن بازئی کی قیادت میں ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر گورنر نے کہا کہ ہمارے موجودہ وسائل میں بے تحاشہ مسائل کا حل نکالنا خاصا مشکل کام ہے ۔ بلدیاتی نظام کو مؤثر اور مستحکم بنانے سے ہی ہم آسانی سے درپیش مشکلات پر قابو پاسکتے ہیں ۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ مجھے کوئٹہ شہر اور بالخصوص اسی کے مضافات میں رہنے والوں کی مشکلات کا خوب ادراک ہے ۔ کوئٹہ کے اطراف کے علاقوں میں مناسب منصوبہ بندی نہ ہونے کی وجہ سے ان کے مسائل و مشکلات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔ انہوں نے متعلقہ بلدیاتی نمائندوں پر زور دیا کہ کوئٹہ کے اطراف والے علاقوں اور کچی آبادیوں میں رہنے والے لوگوں کے مسائل ومشکلات کا تفصیلی جائز لیا جائے ، ان کی مشکلات کی صحیح نشاندہی کی جائے اور نئے ترقیاتی منصوبوں کے لئے ایسی قابل عمل تجاویز سفارشات پیش کی جائیں تاکہ بغیر کسی رکاوٹ کے عملدرآمد ممکن ہوسکے ۔ انہوں نے بلدیاتی اداروں کے منتخب نمائندوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ انتخاب کے دوران عوام سے کیئے گئے اعتماد اور بھروسہ پر پورے اتریں بدنیتی اور تعصب سے بالا تر ہوکر اپنے اپنے علاقے کے عوام کی خدمت اور رہنمائی کریں ۔ انہوں نے کہا کہ مفاد خلق کو مقدم رکھنے کا واحد طریقہ ہر قسم کی انفرادی وابستگی اور ذاتی مفادات سے بالا تر ہوناہے ۔ گورنر نے کہا کہ علاقے میں ترقیاتی منصوبوں پر نظر رکھنا اور فراہم کیئے گئے فنڈز کا دیانتداری سے استعمال کرنا بھی منتخب عوامی نمائندوں کا قومی فریضہ ہے ۔