حکومت زمینداروں سے ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ کرتے ہوئے بلوچستان میں زرعی ایمرجنسی نافذ کرے،نواب اسلم رئیسانی

  • November 6, 2018, 11:15 pm
  • National News
  • 44 Views

کوئٹہ(این این آئی)چیمبر آف ایگری کلچر کے صدر چیف آف سراوان نواب محمد اسلم خان رئیسانی نے بلوچستان اسمبلی میں زمینداروں سے متعلق مشترکہ قرار داد کی منظور ی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت زمینداروں سے ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ کرتے ہوئے بلوچستان میں زرعی ایمرجنسی نافذ کرے اورنوشکی میں ذرعی مارکیٹ کے قیام کیلئے پی ایس ڈی پی میں رقم مختص کی جائے ۔ ان خیالات کا ا ظہار انہوں نے گزشتہ روز سراوان ہاؤس میں بی این پی کے مرکزی رہنماء میر خورشیدجمالدینی کی قیادت میں نوشکی سے آئے زمینداروں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ زمینداروں کے وفد میں میر اعظم ماندائی ، شاہ زمان جمالدینی، قائم خان جمالدینی چیمبر آف ایگری کلچر کے عہدیداروں عالمگیر خان ، امن الدین بازئی ودیگر بھی موجود تھے ۔وفد نے سابق وزیراعلیٰ اوررکن بلوچستان اسمبلی نواب محمد اسلم رئیسانی کو الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے نوشکی میں زمینداروں کو بجلی کی سبسڈی اور ایگری کلچر مارکیٹ کے قائم نہ ہونے سے متعلق زمینداروں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا ۔ اس موقع پر نواب اسلم رئیسانی کا کہنا تھا کہ بلوچستان اسمبلی میں زمینداروں کی موثر نمائندگی ہے نوشکی سمیت صوبے بھر کے زمینداروں کے حقوق کا دفاع کرینگے ۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں نے صوبے میں زمینداروں سے متعلق قرار داد پیش کی جیسے ایوان میں اکثریت رائے سے منظور کرلیا ہے قرار داد کی منظور ی سے بلوچستان حکومت صوبے کے زمینداروں کو درپیش مشکلات سے متعلق وفاق میں بہتر نمائندگی کرپائے گی ۔ نواب رئیسانی نے وفد کو نوشکی میں زرعی مارکیٹ کے قیام سمیت زمینداروں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے حکومت سے بات چیت کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔ نواب اسلم رئیسانی نے این ایچ اے سے متعلق نوشکی کے زمینداروں کو درپیش مشکلات کے حوالے سے وفد کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہنا تھا کہ این ایچ اے کے متعلقہ ذمہ داروں کی اسلام آباد سے واپسی پر ان سے ملاقات کرکے نوشکی کے عوام اور زمینداروں کو درپیش مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائیگا ۔