ضمنی انتخابات میں غیر جمہوری قوتوں کا راستہ روکنا ہوگا،مالک بلوچ

  • November 8, 2018, 11:05 pm
  • National News
  • 36 Views

تربت(این این آئی )نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ نیشنل پارٹی ایک نظریاتی قومی سیاسی جماعت ہے جو سیاسی جمہوری کلچر کو پروان چڑھانے کے لیئے جدوجہد کرہی ہے ،6دسمبر کے ضمنی الیکشن کے لیئے پارٹی کارکنان متحرک رہیں، حاجی فداحسین دشتی کی کامیابی کیلئے کارکنان شب وروزایک کریں،سیاسی اصولوں کے تحت ہر قسم کے دباؤ اور لالچ و مراعات کو ٹھکرا کر قومی جدوجہد میں کردار ادا کررہے ہیں اپنے تمام اعمال تاریخ کے احتساب کے لیئے زندہ رکھتے ہیں ،جمہوری کلچر کی آبیاری کے لیئے پارٹی کارکنان ثابت قدم رہیں تاکہ غیر جمہوری عناصر کی بیخ کنی کرسکیں ، ان خیالات کااظہار انہوں نے پی بی47کیچIII کے ضمنی الیکشن کے لیئے پارٹی کی الیکشن سیل کاافتتاح کرتے ہوئے کیا،اس موقع پرپارٹی کارکنان کی جانب سے قائدین پرگل پاشی اورنعرہ بازی کی گئی ، اس موقع پر نیشنل پارٹی کے مرکزی فنانس سیکرٹری نامزد امیدوار پی بی 47کیچIIIحاجی فدا حسین دشتی، نیشنل پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے رکن واجہ ابوالحسن، ضلعی صدر محمد جان دشتی سمیت PB-47کیچIII مند، بل نگور ، دشت اور گوکدان کے رہنماؤں وکارکنان کی ایک بڑی تعداد موجود تھی، ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہاکہ ہم نے ہمیشہ جمہوریت اورسیاسی کلچر کو پروان چڑھانے کے لیئے جدوجہد کی ہے جمہوریت کو دوام بخشنے کے لیئے نیشنل پارٹی انتخابی عمل کا حصہ بن کر عوام کی نمائندگی وقیادت کرے گی تاکہ وہ قوتیں جو غیر سیاسی ذریعے سے عوامی نمائندگی کے حق پر شب خون مارنا چاہتے ہیں ان کا راستہ روکا جاسکے، انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی کے لیئے اقتدار سے زیادہ سیاسی اصول مقدم ہیں ، وزارات اعلی میں رہتے ہوئے ایک لمحے کے لیئے سیاسی اصولوں اور جمہوری طریقوں سے انحراف نہیں کیا ،پارٹی کارکنان ثابت قدم رہیں اور6دسمبر کو ہونے والے الیکشن اور جمہوری جدوجہد میں بھرپور شرکت کرکے اپنا قومی کردار ادا کریں تاکہ غیر جمہوری عناصر عوامی نمائندگی کے نام پر مسلط نہ ہوسکیں، انہوں نے مزیدکہاکہ نیشنل پارٹی کے کارکنان 6دسمبر کے ضمنی الیکشن میں بھر پور تیاریوں کے ساتھ میدان میں اتریں اور اپنے نامزد امیدوار کی کامیابی کے لیئے شب و روز محنت کریں تاکہ نیشنل پارٹی مذکورہ نشست پر کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکے، انہوں نے کارکنان کوہدایت کی کہ وہ الیکشن سیل کو وقت دینے کے ساتھ ساتھ گھرگھر عوامی رابطہ مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اورپارٹی پیغام کو ہرفرد اورہرگھرتک پہنچائیں،پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے نامزد امیدوار پی بی47حاجی فدا حسین دشتی نے کہاکہ ہم نے جمہوری روایات کی خاطر ایک دفعہ پھر لیکشن میں حصہ لے کر عوامی نمائندگی کا فیصلہ کرلیا ہے، الیکشن میں کامیابی کے لیئے کارکنان کی محنت لازمی ہے پارٹی کے کارکنان کسی دباؤ کو خاطر میں لائے بغیر سیاسی میدان میں ڈٹ جائیں اور میدان کسی کے لیئے خالی نہ چھوڑیں تاکہ کوئی غیر سیاسی گروہ یا فرد عوامی نمائندگی پر شب خون مارنے میں کامیاب نہ ہو جائے، انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی ایک منظم سیاسی قوت کا نام ہے الیکشن میں سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ غیر متوقع نہیں اس کے لیئے کوشش کررہے ہیں حلقے کے عوام اپنی طاقت کے ساتھ 6دسمبر کو تاریخی فیصلہ کر کے عوام کے حقیقی نمائندوں کو کامیاب بنائیں ، انہوں نے کہاکہ مند، دشت اور گوکدان میں نیشنل پارٹی کی پوزیشن سب سے زیادہ مضبوط ہے کیونکہ سیاسی جماعت کے طور پراس علاقے میں پارٹی ورکروں نے سیاسی جدوجہد سے منسلک رہ کر بڑی قربانیاں دی ہیں اس لیئے ہماری کامیابی کا راستہ کوئی غیر سیاسی و غیر جمہوری فرد یا گروہ روک نہیں سکتا۔