خان شہید کی شہادت تاریخ کا المناک سانحہ ہے ، پشتونخوامیپ

  • November 13, 2018, 11:18 pm
  • National News
  • 140 Views

پشین (اے این این) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ سالار شہدا خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی شہادت کا المناک تاریخی واقعہ ہماری قومی تاریخ کا نہ بھولنے والا المناک قومی سانحہ ہے ان کی برسی قومی ولولے کے ساتھ منانا ملی فریضہ ہے اور اس دن کو اپنے قومی عزم کی تجدید کرنا ہے۔ لہٰذا پارٹی کے تمام عہدیدار اور کارکن 2دسمبر کے جلسے کی تیاریوں کو مزید تیز کرے ۔ان خیالات کا اظہار پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات محمد عیسیٰ روشان ، مرکزی کمیٹی کے رکن ضلعی ڈپٹی سیکرٹری عبدالحق خان ، رکن مرکزی کمیٹی سابق ایم پی اے سید لیاقت آغا ، ڈپٹی چےئرمین حاجی صورت خان کاکڑ ،علی محمد کلیوال اور رضا شیداء نے پشتونخوامیپ ضلع پشین کی ضلعی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں خان شہید کے شہادت کی 45ویں برسی منانے اور جلسہ عام میں بھرپور شرکت کرنے کیلئے مختلف فیصلے کےئے گئے اور مختلف علاقائی کمیٹیوں وابتدائی یونٹوں اور اولسی جرگوں کے انعقاد کے فیصلے کےئے گئے ۔انہوں نے کہا کہ برصغیر پاک وہند کی آزادی کے قافلے کے عظیم رہنماء عبدالصمد خان اچکزئی کی فکر ونظریات ، جدوجہد اور قربانیوں کی بدولت ہی اس علاقے میں سیاسی جدوجہد کا آغاز ہوا اور انہوں نے فرنگی استعمار کے غاصبانہ قبضے اور ظلم وجبر کے خلاف آواز بلند کرکے قومی آزادی کی جدوجہد کی بنیاد رکھی اور اس خطے کے اقوام وعوام کو فرنگی استعمار سے نجات دلانے میں تاریخی کردار ادا کیا ۔ اور فرنگی استعمار اور ملکی آمر حکمرانوں ان کے کاسہ لیسوں کے خلاف انتہائی اذیت ناک دور میں ہرسطح پر جاری جدوجہد کی رہنمائی کی اور زندگی کے 30سال سے زائد فرنگی وملک کے آمر حکمرانوں کی جیلوں کی قید کاٹ کر ان تمام اقوام وعوام کے دشمنوں کے سامنے ڈٹے رہے ۔ اور مظلوم اقوام وعوام کی ساری زندگی ہر سطح پر رہنمائی کرتے ہوئے یہاں کے اقوام وعوام کو ووٹ واسمبلی کا حق دلا کر آخر کار اپنے وطن ان کی قومی وحدت ، قومی تشخص ، قومی اختیار اور مظلوم اقوام وعوام کے ہر قسم کے حقوق واختیارات کے حصول کی راہ میں شہید ہوکر ہمیشہ کیلئے امر ہوگئے ۔ان کی برسی قومی جوش وخروش کے ساتھ قومی سطح پر منانے کا مقصد خان شہید سمیت تمام شہدا اور ہمارے غیور عوام کی قومی ارمانوں اور قومی اہداف کے حصول کے عزم کے اعادہ کو مزید تقویت اور مضبوط کرناہے ۔