ریلوے میں دس ہزار اسامیاں پیدا کی جارہی ہیں، میرٹ پر بھرتی ہوگی ، شیخ رشید

  • November 14, 2018, 10:59 pm
  • National News
  • 78 Views

کوئٹہ (ویب ڈیسک)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعطم عمران خان کے وژن کے تحت ریلوے کی بحالی ،خسارے پر قابو پانے اور آمدنی میں اضافے کے لئے بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں اور اب تک چار مزید ٹرینیں جس میں سندھ میر پور خاص ملتان اور رحمان بابا کا اضافہ کیاگیا ہے جس کا افتتاح 25دسمبر کو ہوگا ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ریلوے اسٹیشن کوئٹہ کے دورہ کے دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے بھی میڈیا سے بات چیت کی وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ ریلوے کی آمدنی میں اب تک ایک ارب روپے کا اضافہ کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ ریلوے میں دس ہزار آسامیاں پیدا کی جارہی ہیں جس پر میرٹ پر لوگوں کو نوکریاں دی جائیں گی وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ گوادرمیں ریلوے اسٹیشن کی تعمیر کے لئے اراضی حاصل کی گئی جس کاسنگ بنیاد وزیراعظم عمران خان رکھیں گے جبکہ گوادر میں مزید270ایکڑ اراضی حاصل کی جائے گی انہوں نے گوادر میں ریلوے اسٹیشن کی اراضی کی فراہمی پر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا انہوں نے کہا کہ بولان میل میں مزید کوچز کا اضافہ کردیا گیا ہے جبکہ اکبر بگٹی ایکسپریس کے کرایہ میں کمی کردی گئی ہے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت کے مطابق بلوچستان میں ریلوے کی بہتری کے لئے انقلابی اقدامات کئے جارہے ہیں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد ریلوے کی بہتری اور انہیں ایک فائدہ مند ادارہ بنانے کے لئے دن رات کوشاں ہیں انہوں نے کہا کہ چین سے ریلوے کے بارے جو معاہدے کئے گئے ہیں اس سے قومی خزانے کو فائدہ پہنچے گا اور ریلوے میں میرٹ پر دس ہزار لوگوں کو نوکریوں کی فراہمی ایک احسن اقدام ہے ۔وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا کہ شیخ رشید احمد کی کوششوں سے ریلوے 100دن کے اندر اپنا ہدف وقت سے پہلے حاصل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں کے درمیان آبی وسائل کی تقسیم کے لئے بات چیت جاری ہے جس کے مثبت نتائج برآمد ہونگے انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور خصوصی طور پر کوئٹہ شہر میں پانی کی کمی پر قابو پانے کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں گے اور اس میں حکومت بلوچستان سے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ صوبے ہمارے ساتھ مکمل تعاون کررہے ہیں بعد میں وفاقی وزیر ریلوے ، گورنر سندھ اور فیصل واوڈا نے ریلوے اسٹیشن کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔اس موقع پر ڈی ایس ریلوے واصف علی اور دوسرے حکام بھی انکے ہمراہ تھے۔