کرپشن کیسز کی سماعت، بیانات قلمبند ، جرح مکمل،غیر قانونی اثاثہ جات مقدمہ میں گواہ کے وارنٹ گرفتاری

  • November 16, 2018, 12:09 am
  • National News
  • 104 Views

کوئٹہ(آئی این پی)احتساب عدالت کوئٹہ ون کے جج جناب منوراحمد شاہوانی کے روبرو محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میں 8سو سے زائد گاڑیوں کی غیر قانونی رجسٹریشن سے متعلق دائر ریفرنس کی سماعت کے دوران محکمہ ایکسائز کے 2 آفیسران کے بیانات قلم بند کرلئے گئے ،گزشتہ روز کیس کی سماعت شروع ہوئی تو سابق ڈائریکٹرجنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن محمد قاسم بلوچ دیگر نامزد ملزمان کے ہمراہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے سماعت کے دوران محکمہ ایکسائز کے 2افسران سعداللہ اور سید ضیاء الدین کے بیانات قلمبندکرکے جرح مکمل کرلی گئی بعدازاں عدالت نے دیگر گواہان کو طلب کرتے ہوئے سماعت 30نومبر تک کیلئے ملتوی کردی ۔سابق ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سمیت دیگر پر 8سے زائد گاڑیوں کی غیر قانونی رجسٹریشن کاالزام ہے ۔دریں اثناء احتساب عدالت کوئٹہ ون کے جج جناب منوراحمد شاہوانی کے روبرو سابق ڈی جی کیوڈی اے نوراحمدپرکانی ود یگر کے خلاف غیرقانونی الاٹمنٹ سے متعلق دائر ریفرنس کی سماعت ہوئی جس کے دوران ایک گواہ پر جرح مکمل کرلی گئی جبکہ دیگر حاضرگواہان کے بیانات کونسل ملزمان کی استدعا پر قلمبند نہ کئے جاسکے ۔گزشتہ روز ریفرنس کی سماعت کے موقع پر ریفرنس میں نامزد ملزمان نوراحمد پرکانی ودیگر پیش ہوئے جبکہ عمران زرکون اور دلشاد کی پیشی سے استثنیٰ کے درخواست پیش کئے گئے جسے منظور کرلیاگیاسماعت کے دوران گواہ اختررشید پر جرح مکمل کرلی گئی جبکہ 2گواہان ذاکر علی اور زاہد حسین کے بیانات کونسل ملزمان کی استدعا پر قلمبند نہ کئے جاسکے جس کے بعد سماعت کو 28نومبر تک کیلئے ملتوی کردیا گیا۔احتساب عدالت کوئٹہ ون کے جج جناب منوراحمد شاہوانی کے روبرو کمشنر آفس کے ذیلی دفتر ڈائریکٹریٹ ڈویلپمنٹ کے سپرنٹنڈنٹ طلعت اسحاق ودیگر کے خلاف دائرغیرقانونی اثاثہ جات بنانے سے متعلق دائر ریفرنس کی سماعت کے دوران عدم پیشی پرگواہ مسعود مجید کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے گئے ۔گزشتہ روز طلعت اسحاق ودیگر کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے سے متعلق دائر ریفرنس کی سماعت کے موقع پر ملزمان عدالت کے روبرو پیش ہوئے تاہم گواہ مسعود مجید حاضری نہ ہوسکے جس پر ان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرکے سماعت 20نومبر تک کیلئے ملتوی کردی گئی ۔