پاک چین دوستی لازوال سبوتاژ کرنیوالے دہشتگردوں کے عزائم ناکام بنائیں گے ، گورنر وزیراعلیٰ

  • November 23, 2018, 10:54 pm
  • National News
  • 74 Views

کوئٹہ(ویب ڈیسک )گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کراچی میں چینی قونصلیٹ پردہشت گرد حملے میں پولیس اہلکار ان کی شہادت اور اورکزئی ایجنسی میں ہونے والے بم دھماکے میں متعدد افراد کے جاں بحق ہونے پر گہر ے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کی ہے ۔ اپنے ایک مذمتی بیان میں گورنر نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کا لازوال رشتہ قائم ہے جسے دہشت گرد سبو تاژ کرنا چاہتے ہیں مگر ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا جائے گا گورنرنے چینی قونصلیٹ پرحملے کے دوران شہید ہونے والے پولیس اہلکار ان کی جرات اور بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا خون رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا ، گورنر نے قونصلیٹ حملے میں شہید اہلکاران اور اورکزئی بم دھماکہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اورلواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت منعقد ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کراچی میں چینی قونصلیٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردوں سے مقابلہ میں دوسیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا گیا جبکہ دہشت گردوں کے حملے کو بہادری کے ساتھ بروقت ناکام بنانے اور دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا گیا کابینہ نے دہشت گردی کی اس بزدلانہ کاروائی کو پاکستان اور چین کی دوستی کے خلاف گہری سازش قراردیتے ہوئے کہا کہ حملے میں وہ ملک دشمن قوتیں ملوث ہیں جو نہیں چاہتیں کہ پاکستان ترقی کرے اور سی پیک کے ذریعے پاکستان کی معاشی حالت بہتر ہوسکے، تاہم کابینہ نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور دہشت گردی کی جنگ میں اپنی سیکیورٹی فورسز کی شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان کی قربانیوں پر فخر کرتی ہے، دریں اثناء صوبائی کابینہ نے اورک زئی میں ہونے والے بم دھماکے کی بھی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے واقعہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ کابینہ نے کہا کہ بزدل دہشت گرد معصوم انسانی جانوں کو نشانہ بناکر اپنے مذموم مقاصد کا حصول چاہتے ہیں تاہم قوم اتحاد واتفاق کے ساتھ دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بناد ے گی۔ کابینہ نے کراچی واقعہ اور اورک زئی بم دھماکے کے شہداء کے خاندانوں سے تعزیت، ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کی درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔ بلوچستان کی سیاسی ومذہبی جماعتوں کے رہنماؤں، صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی نے چینی قونصلیٹ پر حملے کی مذمت کر تے ہوئے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر قو تیں پاک چین دوستی اور سی پیک منصوبے کو متنازعہ بنانے کے لئے جس طرح دہشت گردی کا واقعہ رونما کیا اس کی ہم مذمت کر تے ہیں حملے کا مقصد سی پیک پر کام کو روکنے کی کوشش ہے دہشت گرد مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونگے واقعہ میں ملوث ملوث عناصر کو بے نقاب کیا جائے گا قوم کے شہیدوں اور بہادروں کی قربانیوں پر فخر ہے پولیس نے جس طرح جراتمندانہ کارکردگی دکھائی اس پر ہم ان کو خراج تحسین پیش کر تے ہیں اورکزئی ایجنسی میں ہونیوالے بم دھماکے کی بھی مذمت کر تے ہیں دہشت گرد اپنے آقاؤں کو خوش کرنے کے لئے بے گناہ اور نہتے انسانوں کو نشانہ بنا رہے ہیں ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر سردار یار محمد رند، جمعیت علماء اسلام کے رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع، صوبائی وزیررراعت انجینئر زمرک اچکزئی، میر ضیاء اللہ لانگو، عبدالخالق ہزارہ، حاجی محمد خان طور اتمانخیل، حاجی محمد خان لہڑی، نور محمد دمڑ، اراکین اسمبلی سردار مسعود لونی، نصر اللہ زیرے، ثناء بلوچ، ملک سکندر ایڈووکیٹ، میر حمل کلمتی، سابق صوبائی وزراء شیخ جعفر خان مندوخیل، میر عبدالکریم نو شیرانی، ڈاکٹر سعیدہاشمی، ڈاکٹر رقیہ ہا شمی، میر عاصم کرد گیلو، سینیٹر سرفراز بگٹی، نصیب اللہ بازئی، کہدہ بابر، شاہ زیب درانی نے چائینز قونصل خانے پر دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنانے پر سیکورٹی اداروں کو زبردست خراج عقیدت پیش کر تے ہوئے کہا ہے کہ کچھ قوتیں ایسی ہیں جو پہلے دن سے سی پیک منصوبے کے خلاف ہیں، بہت سے لوگوں کو سی پیک کھٹکتا ہے، وہ نہیں چاہتے ملک میں امن ہو، یہاں استحکام ہو اور معاشی خوشحالی ہو، اس لیے اس قسم کی مذموم حرکتیں کرتے رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان قوتوں کو باور کرتا ہوں چین پاک دوستی لازوال ہے، ہم ان عزائم کو خاک میں ملانے کا ارادہ رکھتے ہیں، ہم میں صلاحیت موجود ہے، یہ منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔ہمارے مخالفین کو چین پاکستان اشتراک ان کی دوستی کھٹکتی ہے چینی قونصلیٹ پر حملہ تشویشناک بات ہے، چائنا کی دوستی برے وقتوں میں ساتھ کھڑے ہونا اور پاکستان کے ساتھ ہر حال میں کاندھے سے کاندھا ملا کر سپورٹ کرنا ہے، جو واقعہ آج ہوا قوم میں اس سے تشویش کی لہر دوڑی ہے، خدا کا شکر ہے کہ پولیس اور رینجرز کی بروقت اور انتہائی تیز ایکشن کی وجہ سے تمام چینی محفوظ ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سے اندازہ فرمالیں کہ کس طرح ہمارے مخالفین کو چین پاکستان اشتراک ان کی دوستی کھٹکتی ہے، کاش وزیر خزانہ اور کچھ ساتھی سی پیک منصوبوں کو متنازع نہ بناتے، آج خوشی محسوس ہوئی جب وزیر خارجہ نے کہا کہ سی پیک کے منصوبے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لییسنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔سیاست چمکانے کے لیے کچھ عرصے کے لیے سی پیک کو متنازع بنانے کی کوشش کی گئی جو مکمل طور پر ناکام ہوچکی انہوں نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ اور حکومت تحقیقات کرائیں گے کہ دہشت گرد کس طرح قونصلیٹ قریب پہنچے، ہمیں اس واقعے کی مذمت کرنی چاہیے اور دنیا کو بتانا چاہیے کہ دشمنان پاکستان دیکھ لیں پاک چین دوستی یا ہماری طرف میلی آنکھ سے دیکھیں گے تو قوم ان کی آنکھوں کو نکال کر روند دے گی انہوں نے کہا ہے کہ کراچی میں چینی قونصلیٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کر تے ہیں سردار یار محمد رند کا دہشت گردوں سے مقابلے میں دو سیکیورٹی اہلکاروں کی شہا دت پر افسوس کا اظہار کیا حملے میں چینی سفارت کاروں کے محفوظ رہنے پر اظہار اطمینان کیا گیا۔پاکستان مسلم لیگ (ن )کے مرکزی نائب صدر وسینیٹر سردار یعقوب خان ناصر نے چینی قونصلیٹ کراچی کے باہر حملے و فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ حملہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے خلاف گہری سازش ہے، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاہے کہ ایسے بزدلانہ کارروائیوں سے پاک چین تعاون و سی پیک کے ترقیاتی منصوبے متاثر نہیں ہوں گے،سی پیک مخالف عناصر پاک چین تعاون کو مزید وسعت دینے کی حکومتی کوششوں کو ناکام نہیں بنا سکتے۔ چینی ورکرز پاکستان کی ترقی میں مصروف ہے، انکی حفاظت کیلئے وفاقی حکومت کو ہر ممکن اقدامات اٹھائیں ۔ نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے اپنے اخباری بیان میں کراچی میں چائنیز قونصلیٹ پردہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ بیان میں کہ گیا کہ نیشنل پارٹی ایسے تمام اقدامات کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتی ہے جس سے ملک کی بین الاقوامی اور برادر اقوام کے درمیان موجود خیرسگالی اور باہمی رواداری کے تعلقات متاثر ہوں۔ بیان میں کہاگیا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی انتہاہ پسندی ایک بہت بڑا چیلنج بنتاجارہا ہے جس کے خلاف تمام جمہوری و سیاسی قوتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ بیان میں چین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے سانحے میں جان بحق افراد سے دلی ہمدردی کا اظہار کیاگیا۔