غیر منصفانہ فیصلوں کیخلاف ہر آئینی فورم سے رجوع کرینگے ،ایچ ڈی پی

  • November 25, 2018, 11:55 pm
  • National News
  • 71 Views

کوئٹہ(پ ر) ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ HDPپی بی 26 سے کامیاب ہونے والے پارٹی کے سیکرٹری جنرل کی شہریت کے مقدمے اور اس نشست پر انتخابی شیڈول کے خلاف تمام تر آئینی و قانونی زرائع کا ستعمال کرتے ہوئے غیر منصفانہ فیصلوں کے خلاف قانونی جنگ لڑنے کیلئے تمام آئینی فورموں سے رجوع کریں گے،اسکے ساتھ پارٹی ضمنی انتخابات میں بھی حصہ لینے کی تیاریاں بھی کرتے ہوئے اپنی نشست کے تحفظ کیلئے جمہوری و آئینی راستہ اختیار کرتے ہوئے عوام کی عدالت سے رجوع کرنے کیلئے تیاریاں کرے گی اس بات کا فیصلہ پارٹی کے مرکزی کونسل کے اجلاس میں کیا گیا جو پارٹی چیئرمین عبدالخالق ہزارہ کی صدرات میں پارٹی کے مرکزی دفتر میں منعقد ہوا ،اجلاس میں کہا گیا کہ 25جولائی کے عام انتخابات کے دوران کوئٹہ کے شہریوں نے جمہوریت اور جمہوری اقدار کے تحفظ،کوئٹہ شہر کی تعمیروترقی،تعلیم،صحت،روزگار، کاروبار،امن و امان کے قیام،بلدیاتی اداروں کی خودمختاری اور سر سبز کوئٹہ وشاداب بلوچستان کیلئے پارٹی بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی کے نامزد امیدواروں کو کثیر تعداد میں ووٹ دیکر کامیاب بنایا تھا جو بعض قوتوں کو ناپسند ہوا اور انھوں نے ایک منصوبے کے تحت پارٹی کے سیکرٹری جنرل احمد علی کوہزاد کی شہریت کی منسوخی کے سلسلے میں وفاقی محکمہ داخلہ،نادرا،اور الیکشن کمیشن کے توسط سے کوئٹہ کے شہریوں کے خلاف گھناونی سازش کی ،پارٹی اور احمد علی کوہزاد نے اس ناانصافی کے خلاف اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کیا مگر ایک بار پھرسازشی حربوں کے استعمال کے زریعے الیکشن کمیشن نے عدالتی فیصلے سے قبل انتخابی شیڈول کا اعلان کیا ،اجلاس میں کہا گیا کہ پارٹی قانونی وآئینی زرائع کے استعمال کے ساتھ ضمنی انتخابات کیلئے بھی پوری طرح تیار ہے،اس سلسلے میں پارٹی کے مرکزی کونسل نے متفقہ طور پر مرکزی کونسل کے رکن و کونسلر قادر علی نائل کو پارٹی کا امیدوار نامزد کیا جسکے متبادل امیدوار کیلئے عصمت علی تمکی ایڈوکیٹ کا نام دیا گیا ہے ،اجلاس میں کہا گیا کہ کارکن آئینی و قانونی راستوں کے ساتھ ضمنی انتخابات کیلئے بھی بھرپور تیاریاں کرتے ہوئے ممکنہ انتخابات کیلئے پارٹی کے نامزد امیدوار کی کامیابی کیلئے رابطہ مہم شروع کریں