محکمہ صحت کے ملازمین کے مسائل حل کئے جائینگے ، نصیب اللہ مری

  • November 27, 2018, 11:53 pm
  • National News
  • 53 Views

کوئٹہ(این این آئی)صوبائی وزیر صحت میر نصیب اللہ مری نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت محکمے کے ملازمین کے مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات کر رہی ہے صوبائی کابینہ نے انستھیزا الاؤنس بحال ،ایڈہاک پوسٹوں کی منظوری ،پی جی اور ہاؤس آفیسرز کیلئے وظیفے کی منظوری دیدی ہے اور جلد ہی فنانس سے اسکا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری ہوجائے گا۔صوبائی وزیر صحت میر نصیب اللہ مری نے کہا کہ موجودہ حکومت نے جب سے اقتدار سنبھالا ہے صوبائی حکومت وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی قیادت میں سرکاری ملازمین اور عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھارہی ہے جس کے ثمرات جلد ہی ملازمین کو ملنا شروع ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں وزیراعلیٰ کی صدارت میں ہونے والے صوبائی کابینہ میں بہت اہم فیصلے کئے گئے ہیں صوبائی کابینہ نے انستھیزا الاؤنس بحال ،ایڈہاک پوسٹوں کی منظوری ،پی جی اور ہاؤس آفیسرز کیلئے وظیفے کی باقاعدہ منظوری دیدی ہے اور جلد ہی فنانس سے اسکا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری ہوجائے گااورانشاء اللہ ڈاکٹروں اور محکمہ صحت کے ملازمین کے دیگر مسائل بھی جلد حل کردیئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں عوام کو علاج معالجے کی سہولیات حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں جس کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہیں سرکاری ہسپتالوں میں جدید مشینری فراہم کی جارہی ہے تاکہ عوام کو علاج معالجے کے لئے دوسرے صوبوں میں نہ جانا پڑے۔