نیشنل پارٹی نے ہمیشہ تعلیم کی بہتری کیلئے کام کیا، عبدالخالق بلوچ

  • December 5, 2018, 11:13 pm
  • National News
  • 54 Views

کوئٹہ (پ ر)نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر میر عبدالخالق بلوچ نے کہا ہے کہ نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام سوشل میڈیا کنونشن ورکرز کیلئے سائنس ،علم اور تربیت کا بہترین ذریعہ ہوگا،یہ نہ صرف ورکرز کی تخلیقی صلاحیتوں کو ابھارنے میں اہم کردار ادا کریگا، نیشنل پارٹی وحدت بلوچستان کے تمام اضلاع کے کارکن اپنے متعلقہ دوستوں کی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے انکی معاونت کریں ۔اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی علم اور دانش کو دنیا کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کا ذریعہ اور وقت کی اہم ضرورت سمجھتی ہے آج کے اس جدید دور میں کوئی بھی قوم تعلیم ،سیاسی بصیرت اور دور اندیشی کے بغیر ترقی نہیں کرسکتی ہے۔اس لئے نیشنل پارٹی کی آئین اورمنشور میں تعلیم کو اولیت اور فوقیت حاصل ہے۔نیشنل پارٹی اگر حکومت میں ہوتی ہے تو تعلیم کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کرتی ہے اور حکومت میں نہ ہو تو تب بھی تعلیم کا درس ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے انہوں نے کہاکہ موجودہ دور میں سوشل میڈیا کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا اور نوجوانوں کی سوشل میڈیا میں گہری دلچسپی ہے ۔ نیشنل پارٹی نے سوشل میڈیا کو بہتر اور مثبت انداز میں استعمال کرنے کیلئے پارٹی ورکرز کیلئے 8 اور 9 دسمبر کو کراچی میں سوشل میڈیا کنونشن کا انعقاد کیا ہے جس میں سوشل میڈیا کے ایکسپرٹس کی سیاست میں اہمیت کی مناسبت سے تربیت اور آگاہی فراہم کرینگے اور کنونشن میں ملک کے معروف دانشور اور لکھاری بھی پارٹی ورکرز کو موجودہ ملکی اور بین القوامی صورتحال پر لیکچر دیں گے۔بیان میں کہا گیا کہ سوشل میڈیا کنونشن کارکنوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں بنیادی کردار ادا کریگا ۔پارٹی ورکرز کو اہم کنونشن میں تربیت کے ساتھ انکے تجربات کو بھی شیئر کرنے موقع دیا جائے گا۔