پولیس کا تشدد پسندانہ رویہ قابل مذمت ہے ، پشتونخوامیپ

  • December 6, 2018, 11:30 pm
  • National News
  • 98 Views

کوئٹہ (پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے پریس ریلیز میں گزشتہ روز پولیس کی تشدد سے نوجوان فضل احمد کی ہلاکت اور مہربان ولد نہال خان کے شدید زخمی ہونے کے انسانیت سوز واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ نوجوانوں پر تشدد میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف فی الفور اقدام قتل کے مقدمات درج کئے جائیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس کے روزانہ کے عوام دشمن واقعات ، تشدد میں اضافہ ہورہا ہے پولیس عوام کے تحفظ کی بجائے عوام کو لوٹنے، بھتہ وصول کرنے ،ان پر شدید تشدد کرنے ، قتل کرنے اور دیگر سنگین واقعات میں مصروف عمل ہے۔ جبکہ دوسری جانب رہی سہی کسر ایگل سکواڈ کے اہلکاروں نے پوری کردی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ تمام صورتحال عوام کیلئے ناقابل قبول ہے پولیس فورس میں بنیادی تبدیلی کی اشد ضرورت ہے ۔ بیان میں صوبائی حکومت سے کہا گیا ہے کہ وہ اس واقعہ کی جوڈیشل انکوائری کرے تاکہ متاثرہ خاندان کو انصاف مل سکے۔ بیان میں فضل احمد کی ہلاکت پر ان کے خاندان سے دلی ہمدردی وتعزیت کا اظہار کیا گیا جبکہ مہربان خان کی صحت یابی کیلئے دعا کی گئی ہے ۔ علاوہ ازیں پشتونخوامیپ کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے ، علاقائی سینئر معاون سیکرٹری کونسلر محمد نعیم اچکزئی اور دیگر پارٹی کارکنوں نے مرحوم فضل احمد کے گھر جاکر ان کے خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ۔