سابق حکمرانوں نے تعلیمی ایمرجنسی کے نام پر قوم کو دھوکہ دیا ، محمد خان لہڑی

  • December 12, 2018, 11:48 pm
  • National News
  • 46 Views

کوئٹہ (آئی این پی) صوبائی مشیر تعلیم محمد خان لہڑی نے کہا ہے کہ تعلیم میں تحقیق وقت کی اہم ضرورت ہے۔ موجودہ حکومت تحقیق کی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے سکولوں میں سائنسی لیبارٹریوں اور جدید تحقیقاتی سینٹروں کا قیام جلد عمل میں لایا جائیگا۔ اس سلسلے میں صوبائی وزیراعلی جام کمال خان خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں وزیر داخلہ میر سلیم احمد کھوسہ سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر صوبائی مشیر تعلیم حاجی محمد خان لہڑی نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے تعلیمی ایمرجنسی کے نام پر قوم کو دھوکہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ نظام تعلیم کی ترقی اور محکمہ تعلیم کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے ہم سب کو مل جل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ والدین اور طالب علم ملکر تعلیمی نظام کی بہتری میں اپنا کردار ادا کریں۔ اور متعلقہ ڈی ای او صاحبان کو اپنے علاقے میں ہونے والی غفلت کے حوالے سے فوراً آگاہ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ تعلیم میں غفلت کے مرتکب اساتذہ کے خلاف سخت ترین کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی سے بھی کسی بھی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے وزیر داخلہ سلیم احمد کھوسہ سے بلوچستان اسینشل ایجوکیشن ایکٹ 2018 کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور وزیر داخلہ نے مجوزہ قانون کے نفاذ اور اس پر عملدرامد کے حوالے سے انہیں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔