بلوچستان کچھی کینال منصوبے سے مستفید نہیں ہوا ، کبیر محمد شہی

  • December 13, 2018, 11:08 pm
  • National News
  • 57 Views

اسلام آباد+کوئٹہ (پ ر)نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر سینیٹر میر کبیر احمدمحمد شہی نے کہاہے کہ کچھی کینال کا منصوبہ 2002میں شروع ہوا 2008میں مکمل ہونا تھا 2018ختم ہو رہا ہے مگر بلوچستان کے عوام اس منصوبے سے مستفید نہیں ہوئے گزشتہ حکومت نے یہ منصوبہ صوبہ پنجاب کے بارڈر تک پہنچایا اور پنجاب کے عوام ہی اس سے مستفید ہو رہے ہیں۔ ان خیالات کااظہارا نہوں نے سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی ترقیات و اصلاحات کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیاانہوں نے کہا کہ کچھی کینال سے بلوچستان کی 7لاکھ ایکڑ سے زائدزمین کو آباد کرناتھا حکومت بلوچستان کو 72ہزار کمانڈ ایریا تیار کرنے کا کہا گیا اور صرف10ہزار کمانڈ ایریا بنایا گیا۔ وہاں سیٹلمنٹ کے مسائل ہیں۔ لوگ چینل کے لئے زمین فراہم نہیں کر رہے میر کبیرنے کہا کہ بلوچستان میں سو چھوٹے ڈیم کی تعمیر عوام کے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔ یہ ڈیم انتہائی اہمیت کے حامل ہیں ان میں چھوٹے اور بڑے ڈیم شامل ہیں جو سیلابی پانی کو اکٹھا کریں گے ابھی سو ڈیم کے تین پیکج میں سے دو مکمل ہو چکے ہیں تیسرے پیکج کے لئے اگر 200ملین روپے صوبائی حکومت کو فراہم نہ کئے گئے تو یہ منصوبہ 2019کی بجائے 2036تک بھی مکمل نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان کومزید سوڈیمز کاپیکیج دیاجائے۔