سیاست اور صحافت کا چولی دامن کا ساتھ ہے، زمرک اچکزئی

  • December 16, 2018, 11:02 pm
  • National News
  • 55 Views

کوئٹہ(ویب ڈیسک)سیا سی سماجی و صحافی رہنماؤں نے کہا ہے کہ سیاست اور صحافت کاچولی دامن کاساتھ ہے، بلوچستان کے صحافیوں نے مشکل حالات میں بھی حق اور سچ کاساتھ دیاعوام کی آواز ایوانوں تک پہنچائی،صحافی اوراخبارفروشوں کے حقوق کی جدوجہد میں ممتاز صحافی میاں محمد صدیق مرحوم اور انجمن اخبار فروشان کے بانی چےئرمین حاجی محمد یوسف کی خدمات سے انکارممکن نہیں،مرحومین کی عظیم خدمات کوخراج عقیدت پیش کرتے ہیں ،سانحہ آرمی پبلک اسکول میں 1سو سے زائد بچوں نے جانوں کا نذرانہ دیکر وطن عزیز کا تحفظ کیا ۔ان خیالات کااظہار صوبائی وزیر زراعت انجینئر زمرک خان اچکزئی ‘ صوبائی اسمبلی میں جمعیت علماء اسلام کے پارلیمانی لیڈر ملک سکندر خان ایڈوکیٹ ‘عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء رشید خان ناصر ‘ممتاز معالج ڈاکٹر لعل خان کاکڑ ‘ کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے صدر قاری رحمت اللہ ایڈوکیٹ ‘ہرنائی کھوسٹ کول مائنز کے چیف ایگزیکٹیو سعید آغا‘بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء موسیٰ بلوچ‘انجمن اخبار فروشان کے رہنماء شاہ جہاں بلوچ‘کوئٹہ پریس کلب کے جنرل سیکرٹری عبدالخالق رند‘بلوچستان فورم آف انوارٹرمینٹل جرنلسٹس کے صدر ظاہر خان ناصر ودیگر نے کوئٹہ پریس کلب میں فیاض حسن سجاد ویلفےئر ٹرسٹ ‘بلوچستان فورم آف انوارٹرمینٹل جرنلسٹس ‘غزالی ویلفےئر سوسائٹی اور ہیلپر لیٹریری سوسائٹی کے زیر اہتمام سینئرصحافی میاں محمد صدیق اور انجمن اخبار فروشاں کے بانی چےئرمین حاجی محمد یوسف بلوچ کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مقررین نے کہا کہ صحافی برادری مشکل حالات میں اپنی ذمہ داریاں با طریقہ احسن سر انجام دے رہی ہے کئی صحافی اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے دوران زندگی کی بازی ہار گئے اسی طرح حالات اور موسم کی پرواہ کئے بغیر ہاکرز صوبے کے طول وعرض میں عوام کے گھروں میں اخبار پہنچاتے ہیں جہاں ہمیں گھر کے باہر سے اخبا ر اٹھانا مشکل لگتا ہے وہ موسم کی سختیوں کی پروا کئے بغیر ہمیں باخبر رکھنے کیلئے ہمارے گھروں میں اخبار پہنچاتے ہیں حاجی محمد یوسف نے اپنی ساری زندگی اخبار فروشوں کی فلا ح و بہبود کیلئے وقف کر رکھی تھی اور ہمیشہ اخبار مارکیٹ میں ہاکرز اور صحافیوں کی خدمت کیلئے پیش پیش رہتے تھے حاجی محمد یوسف اپنے جونےئر سے انتہائی محبت سے پیش آتے تھے ان کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلا مدتوں پر نہ ہو گا مقررین نے کہا کہ صحافی میاں محمد صدیق نے ہمیشہ اپنے قلم سے عوام کی خدمت کی ہے وہ باخبر صحافی ہونے کے ساتھ ساتھ انتہائی متحرک سماجی کارکن تھے اور ہمیشہ عوامی خدمت کیلئے حاضر رہتے تھے انہوں نے اپنے قلم سے ہمیشہ عوامی مسائل اجاگر کئے اور یہی وجہ تھی کہ ان کا حلقہ احباب بہت وسیع تھا۔ مقررین نے کہا کہ فیاض حسن سجا د ویلفےئر ٹرسٹ کا قیام بھی احسن اقدام ہے فیاض حسن سجاد مرحوم بیک وقت صحافی کالم نگار اور تحریک ختم نبوت کے سر بکف سپاہی تھے انہوں نے ہمیشہ اپنے قلم سے دین متین کی خدمت اور عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ کیا مرحوم صحافی فیاض حسن سجاد ہمیشہ عوامی خدمت کیلئے پیش رہتے تھے ۔