حکومت عوام کو تعلیم، صحت اور آبنوشی کی سہولیات کو یقینی بنارہی ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان

  • December 22, 2018, 12:48 am
  • National News
  • 72 Views

کوئٹہ(خ ن) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت سماجی شعبہ کی ترقی کے ذریعہ عوام کو تعلیم، صحت اور آبنوشی کی سہولیات کو یقینی بنارہی ہے، خاص طور سے خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں امدادوبحالی کی سرگرمیوں کا آغاز کیا گیا ہے جس کے لئے ابتدائی طور پر پچاس کروڑ روپے جاری کئے جارہے ہیں، حکومت سماجی شعبہ کی ترقی میں غیرسرکاری تنظیموں اور اداروں کے تعاون کا خیرمقدم کرے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی خدمات کی فراہمی کے بین الاقوامی ادارے مسلم ہینڈز کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے ادارے کے ڈائریکٹر عرفان خان کی قیادت میں جمعہ کے روز یہاں ان سے ملاقات کی، وفد میں مسلم ہینڈز کے صوبائی کوآرڈینیٹر ملک نعیم اور دیگر عہدیدار شامل تھے، وفد کی جانب سے وزیراعلیٰ کو اپنے ادارے کی کارکردگی اور خدمات کی فراہمی کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ مسلم ہینڈز بلوچستان میں تعلیم ،صحت اور پینے کے پانی کی فراہمی کے شعبوں میں کام کررہی ہے، صوبے کے مختلف ضلعوں میں مسلم ہینڈز کی جانب سے اسکول، ڈسپنسری اور آبنوشی کی اسکمیں بنائی گئی ہیں جن سے دور دراز علاقوں کے عوام فائدہ اٹھارہے ہیں، وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا گیا کہ مسلم ہینڈز قدرتی آفات کے دوران متاثرہ علاقوں اور افراد کی امدادوبحالی اور تعمیر نو کی سرگرمیوں میں بھرپور کردار ادا کرتی ہے اور موجود ہ خشک سالی سے متاثرہ افرادکو بھی ان کے ادارے کی جانب سے بھرپور معاونت فراہم کی جائے گی، وفد نے بتایا کہ مسلم ہینڈز بلوچستان میں صحت، تعلیم اور پینے کے صاف پانی کے شعبوں کی ترقی کے لئے بین الاقوامی ڈونرز سیمینار کے انعقاد کی منصوبہ بندی کررہی ہے، وزیراعلیٰ نے ادارے کی کارکردگی کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت خشک سالی کے متاثرین کی امداد وبحالی کے لئے مسلم ہینڈز کے تعاون کا خیرمقدم کرے گی اور سیمینارکے انعقاد کے لئے بھی بھرپور معاونت فراہم کی جائے گی، صوبائی وزراء میر سلیم احمد کھوسہ، محمد خان لہڑی، اور نورمحمد دمڑ بھی اس موقع پر موجود تھے۔