سیاستدانوں کو دیوار سے لگانے کے منفی نتائج سامنے آئیں گے ،لشکری رئیسانی

  • December 28, 2018, 12:16 am
  • National News
  • 88 Views

کوئٹہ(پ ر) مسلم لیگ(ن) ،بلوچستان نیشنل پارٹی ، پشتونخواملی عوامی پارٹی اور جمعیت علماء اسلام کے رہنماوں نے کہا ہے کہ سیاستدانوں کو دیوار سے لگانے کے منفی نتائج سامنے آئیں گے موجودہ حکمران احتساب کے نام پر اپوزیشن کو نشانہ بنارہے ہیں جو درست اقدام نہیں ہے ،عوام 31 دسمبر کو اپنے گھروں سے نکل کر حلقہ پی بی 26کے ضمنی انتخابات میں اپوزیشن کے میدوار مولانا ولی محمد ترابی کے انتخابی نشان کتاب پر مہر لگا کر انہیں کامیاب بنائیں ،بعض عناصر ایک سیٹ کی خاطر برادراقوام میں نفرتیں پیدا کرنا چاہتے ہیں جس میں ہم انہیں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ یہ بات مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری جمال شاہ کاکڑ، بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی ، پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنما و سابق صوبائی وزیر عبدالرحیم مندوخیل ، جمعیت علماء اسلام کے رہنما و حلقہ پی بی 26کے ضمنی انتخابات میں امیدوار مولانا ولی محمد ترابی ،ڈپٹی میئر کوئٹہ محمدیونس بلوچ ،سرداراللہ داد بڑیچ ، نسیم الرحمان ملاخیل ،محمد رحیم کاکڑ، نسیم خان اچکزئی ، شاکر محمد حسنی ، عبدالوہاب اٹل نے مسلم لیگ(ن) کے زیراہتمام حلقہ پی بی 26کے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں گولی مار چوک پر منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔مقررین نے کہا کہ ملک میں اسوقت احتساب کے نام پر اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کو پابند سلاسل کیا جارہا ہے جبکہ حکومت میں شامل جماعتوں کو کھلی چھوٹ دیدی گئی ہے جس کے منفی نتائج مرتب ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ ہم بلا تفریق سب کا احتساب چاہتے ہیں احتساب کے نام پر کسی کو سیاسی قائدین کی پگڑیاں اچھالنے کی ہرگزاجازت نہیں دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے حقوق کے دفاع کیلئے تمام سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر متحد ہیں اور کسی کو بلوچستان کے عوام کے حقوق غضب نہیں کرنے دیں گے ۔انہوں نے بعض عناصر ایک نشست کی خاطر بلوچستان میں بسنے والی سیاسی جماعتوں کے قائدین کے خلاف منفی اور بے بنیاد پروپیگنڈہ کرکے نفرتیں پیدا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں ہم انکے مذموم عزائم کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اسلام آباد میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس کے اعلامیہ کے مطابق ہم نے جمعیت علماء اسلام کے امیدوار مولانا ولی محمد ترابی کی حمایت کا اعلان کیا ہے جو اپوزیشن جماعتوں کے متفقہ امیدوار ہیں عوام 31دسمبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں اپوزیشن کے متفقہ امیدوار مولانا ولی محمد ترابی کے انتخابی نشان کتاب پر مہر لگاکرانہیں کامیابی سے ہمکنار کرکے یہ ثابت کردیں کہ اپوزیشن جماعتیں ہی بلوچستان کے عوام کے حقوق کادفاع کرسکتی ہیں۔