پشتونخوامیپ کی جے یوآئی سے سینٹ انتخابات میں حمایت کی درخواست

  • December 31, 2018, 12:45 am
  • National News
  • 217 Views

کوئٹہ( پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے نمائندہ وفد نے پارٹی کے صوبائی صدر سینٹر محمد عثمان خان کاکڑ کی قیادت میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے صوبائی جنرل سیکرٹری وممبر صوبائی اسمبلی ملک سکندرخان ایڈووکیٹ ، صوبائی سینئر نائب امیر مولانا انور الدین حقانی ، مولانا امیر زمان ، مفتی غلام حیدر سے ملاقات کی ۔ پارٹی وفد میں پارٹی کے صوبائی سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال ، صوبائی نائب صدر عبدالقہار خان ودان ،صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، ایم پی اے نصراللہ خان زیرے ، خوشحال خان کاسی ، مرکزی کمیٹی کے رکن سابق ایم پی اے سید لیاقت آغا ، پارٹی کے نامزد امیدوار سردار محمد حنیف موسیٰ خیل شامل تھے۔ پارٹی وفد نے پارٹی کے مرحوم رہنماء سردار اعظم خان موسیٰ خیل کے ناگہانی موت سے خالی ہونیوالی سینٹ کی نشست پر 14جنوری کو ہونیوالے انتخابات اور اس سلسلے میں مرحوم سردار اعظم خان موسیٰ خیل کے فرزند سردار محمد حنیف موسیٰ خیل کی کامیابی اور ان کے حق میں جمعیت علماء اسلام کے ممبران صوبائی اسمبلی کے ووٹ دینے کی استدعا کی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے پشتون بلوچ عوام کی روایات واقدار کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے صوبے کے اپوزیشن اور دیگر سیاسی جمہوری پارٹیوں کا یہ اخلاقی اور سیاسی فریضہ ہے کہ وہ مرحوم سردار اعظم خان موسیٰ خیل کی انتقال کی وجہ سے سینٹ کی خالی ہونیوالی نشست پر ان کے فرزند سردارمحمد حنیف موسیٰ خیل کی حمایت کرتے ہوئے ان کے حق میں اپنا ووٹ استعمال کرے۔ اس موقع پر جمعیت علمائے اسلام کے رہنماؤں نے کہا کہ جمعیت ایک جمہوری پارٹی ہے جو سیاسی اور جمہوری اقدار پر مکمل یقین رکھتی ہے اور اس سلسلے میں جمعیت علمائے اسلام اپنے رہنماؤں سے صلاح ومشورہ کرکے مثبت طرز عمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سینٹ کی خالی نشست پر بہتر فیصلہ کریگی۔