’’ہوٹل کی دیگوں سے پرانی بریانی برآمد ہوئی‘‘

  • February 22, 2019, 3:21 pm
  • Breaking News
  • 1.23K Views

کراچی میں 5 بچوں کے زہریلا کھانا کھانے سے جاں بحق ہونے کے حوالے سے سندھ فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل امجد لغاری نے کہا ہے کہ جس ہوٹل کا کھانا کھانے کے بعد یہ ہلاکتیں ہوئی ہیں اس میں کارروائی کے دوران موجود دیگوں میں پرانی بریانی برآمد ہوئی ہے۔

ڈی جی سندھ فوڈ اتھارٹی امجد لغاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم نے اس بریانی کے نمونے جمع کر لیے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ فوڈ اتھارٹی نے مذکورہ ہوٹل میں کارروائی کرتے ہوئے جو چیزیں دیکھی ہیں ان کی مینٹینس بہتر نہیں ہے۔

ڈی جی سندھ فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ اس ضمن میں اب تک 15 افراد زیر تفتیش ہیں،ہوٹل کے کچن میں ایگزاسٹ سسٹم نہیں ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سندھ فوڈ اتھارٹی کے تحت اب تک شہر کے 6 ہزار سے زائد ہوٹلوں کا معائنہ کیا جا چکا ہے۔

سندھ فوڈ اتھارٹی نے ہوٹل کے معائنے کے دوران مزید کئی مضر صحت اشیاء قبضے میں لیں جن میں ہوٹل کے اسٹور روم سے برآمد ہونے والا زائد المعیاد جوس، 3 درجن زائد المعیاد کولڈ ڈرنکس اور کھانوں میں استعمال ہونے والا ناقص تیل بھی شامل ہے۔

ڈائریکٹر سندھ فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ہوٹل سے کھانوں کے نمونے اور دیگر شواہد اکھٹے کر لیے ہیں اور اسے عارضی طور پر سیل کر رہے ہیں۔