بلوچستان میں ڈیموں کی تعمیر کے لیے اقدامات کیے جائیں،اختر لانگو

  • April 22, 2019, 4:04 pm
  • Political News
  • 436 Views

کوئٹہ (خ ن)چیئرمین پبلک اکاوٴنٹ کمیٹی اختر حسین لانگو نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے ہلاکتوں سمیت فصلوں اور مال مویشی کو بھی نقصان پہنچا ،مختلف علاقوں میں لوگوں گھروں سے محروم ہوگئے ،اس کے ساتھ مطلوبہ معیار اور ضرورت کے مطابق ڈیموں کی تعمیر میں لیت و لعل سے کام لینے کی وجہ سے کروڑوں گیلن پانی ضائع ہوا ہے- ایک ایسا صوبہ جہاں زیرزمین پانی کی سطح روز برزو گرتی جارہی ہے،اور قلت آب کی وجہ سے بلوچستان کے زمینداروں کو پچھلے دو دہائیوں سے کافی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے اس میں بارشوں کے پانی کو چھوٹے اور بڑے ڈیموں میں زخیرہ کر کے زرعی اور گھریلو ضرورت کے لئے استعمال میں لایا جا سکتا تھا- اس عمل سے زیر زمین پانی کی سطح بھی بلند ہو گا- انہوںنے کہا کہ بلوچستان میں 70 فیصد سے زائد لوگ زراعت سے وابستہ ہیں، اس لیے بہتر اور جامع منصوبہ بندی کے تحت نا صرف سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچا جا سکتا ہے بلکہ بارشوں کے پانی کو ڈیموں میں زخیرہ کر کے بلوچستان کے لاکھوں ایکڑ زرعی اراضی کو استعمال میں لاتے ہوئے صوبے میں زرعی اور معاشی انقلاب لایا جا سکتا ہے-