شوہر نے ہتھوڑے مار کر بیوی کو جان سے مار دیا، معصوم بیٹیاں زخمی

  • November 8, 2019, 2:08 pm
  • National News
  • 165 Views

فیصل آباد: پنجاب میں ایک شقی القلب شوہر نے نہ صرف بیوی بلکہ اپنی دو معصوم بچیوں پر بھی ہتھوڑے سے حملہ کر دیا، جس میں بیوی جاں بحق ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے رسول پورہ میں شوہر نے ہتھوڑے سے حملہ کر کے بیوی کو جان سے مار دیا، جب کہ 2 معصوم بیٹیاں زخمی ہو گئیں۔

ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ فیصل آباد میں یہ واقعہ گھریلو جھگڑے کے باعث پیش آیا، شوہر ریاض نے جھگڑے کے بعد بیوی اور بیٹیوں پر تشدد کیا اور ہتھوڑے سے حملہ کر دیا۔

واقعے کے بعد باپ کے ہاتھوں زخمی بچیوں کو کھرڑیانوالا کے ہیلتھ سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انھیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ شوہر کی گرفتاری کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

ادھر کراچی میں حاملہ بیوی نے اپنے شوہر کو مبینہ طور پر بجلی کا کرنٹ لگا کر قتل کر دیا، پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا، جہاں جوڈیشل مجسٹریٹ نے ملزمہ کو 4 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

مقتول شوہر کے بھائی نے الزام لگایا تھا کہ ملزمہ نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر اپنے شوہر کو قتل کیا۔ آلۂ قتل کے بارے میں کہا گیا کہ واردات کے لیے بجلی کے کرنٹ کا استعمال کیا گیا۔ عدالت نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے حکم دیا کہ ملزمہ سے وومین ایس ایچ او کی موجودگی میں تفتیش کی جائے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نے واضح کیا کہ ملزمہ چوں کہ خاتون ہے اس لیے تفتیش خاتون ایس ایچ او کی موجودگی میں ہوگی، نیز ملزمہ حاملہ ہے اس لیے انسانی حقوق کی بنیاد پر صحت کا بھی خیال رکھا جائے۔