نواز شریف کی طبیعت بہت خراب ہے، علاج کے لیے فوراً باہر بھیجنا چاہیے، مریم نواز

  • November 8, 2019, 2:10 pm
  • Political News
  • 140 Views

لاہور: مریم نواز کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی طبیعت بہت زیادہ خراب ہے، انہیں علاج کے لیے فوراً باہر بھیجنا چاہیے۔

عدالت کے باہر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ مجھے نواز شریف کی صحت کی بہت فکر رہتی ہے، نواز شریف کی طبیعت تشویشناک ہے، انہیں علاج کے لیے فوراً باہر بھیجنا چاہیے اور جہاں علاج ممکن ہو وہاں جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ میں ابھی فوری سفر نہیں کرسکتی کیوں کہ میرا پاسپورٹ عدالت کے پاس ہے، اگر نواز شریف علاج کےلیے بیرون ملک جاتے ہیں تو ان کے ساتھ جانا مجبوری ہے تاہم بڑا مشکل ہوگا کہ نواز شریف علاج کے لیے باہر چلے جائیں اور میں نہ جا سکوں۔

مریم نواز نے کہا کہ سیاست پوری زندگی چلتی رہے گی لیکن والدین دوبارہ نہیں ملتے، ایک سال پہلے اپنی ماں کھوچکی ہوں اور اب میری تمام تر توجہ نواز شریف کی طبیعت پر ہے، میں 24 گھنٹے نواز شریف کے پاس رہتی ہوں، انہیں ملازموں اور نرسوں پر نہیں چھوڑ سکتی، نواز شریف کے معاملات خود دیکھتی ہوں، آج بھی بڑی مشکل سے عدالت آئی ہوں، مجھے اس وقت صرف نواز شریف کی زندگی اور صحت کی فکر ہے۔
اس سے قبل لاہور کی احتساب عدالت میں چوہدری شوگر ملز کیس کی سماعت ہوئی، اس موقع پر مریم نواز عدالت میں پیش ہوئیں تاہم نواز شریف کے وکلاء کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کرائی گئی جس کو عدالت نے منظور کرلیا جب کہ یوسف عباس کے جوڈیشل ریمانڈ میں 22 نومبر تک توسیع کردی۔ احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف، صاحب زادی مریم نواز اور یوسف عباس کو 22 نومبر کو پیش ہونے کا حکم دیا۔