نواز شریف کا آئندہ ہفتے تک بیرون ملک جانے کا امکان ، ذرائع ن لیگ

  • November 8, 2019, 2:13 pm
  • Political News
  • 123 Views

اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کا آئندہ ہفتے تک بیرون ملک جانے کا امکان ہے ، شہباز شریف بھی نواز شریف کے ہمراہ بیرون ملک جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق شریف خاندان کی سابق وزیراعظم نواز شریف کے بیرون ملک علاج پر مشاورت مکمل ہوگئی ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو غیر ملکی ڈاکٹرز کے مشورے پر بیرون ملک بھیجنے کا امکان ہے۔

ن لیگ ذرائع کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کی نوازشریف کے علاج کے لئے غیر ملکی ڈاکٹرز سے مشاورت جاری ہے ، جس کے بعد شہباز شریف حکومت کو غیر ملکی ڈاکٹرز کے مشورے سے بھی آگاہ کریں گے۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف کا آئندہ ہفتےتک بیرون ملک جانے کا امکان ہے ، شہباز شریف بھی نواز شریف کے ہمراہ بیرون ملک جائیں گے۔

اس سے قبل سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا تھا کہ نوازشریف بیرون ملک علاج کرانےکےلئےتیارہیں ،ان کی صحت پرکوئی سمجھوتانہیں کرسکتے، ماں کے جانے کے بعد اب میرا سب کچھ میرے والد نواز شریف ہیں۔

دوسری جانب ایک اخبار نے دعویٰ کیا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف علاج کیلئے باہر جانے پر رضا مند ہوگئے ہیں ، رپورٹ کے مطابق ن لیگ نے حکومت سے ڈاکٹروں کی تجاویز پرمبنی رپورٹ بھی شیئر کی ہے، اس رپورٹ کی روشنی میں حکومت نواز شریف کا نام ای سی ایل سے خارج کرسکتی ہے۔

ڈان اخبار کے مطابق ای سی ایل سے نام خارج ہونے کی صورت میں نواز شریف اس ہفتے لندن روانہ ہوسکتے ہیں تاہم مریم نواز بیرون ملک نہیں جائیں گی۔