سکھر سے ملتان موٹروے ایم فائیو کھول دی گئی

  • November 8, 2019, 2:14 pm
  • National News
  • 133 Views

لاہور: ترجمان موٹروے کا کہنا ہے کہ سکھر سے ملتان موٹروے ایم فائیو کھول دی گئی، دونوں شہروں کے درمیان موٹروے کا سفر 392 کلو میٹر ہے۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان موٹروے نے بتایا کہ سکھر سے لاہور کا فاصلہ بذریعہ موٹروے 700کلو میٹر ہے، اور سکھر سے فیصل آباد 622کلومیٹر جبکہ اسلام آباد 930کلو میٹر ہے۔

موٹروے پر سکھر سے پشاور کا سفر1085کلو میٹر ہے، سکھر سے ملتان ایم 4 اور ایم 5 پر فیول اسٹیشنز نہیں ہیں، گاڑی کی مکمل فلنگ کراکر سکھر سے ملتان کا سفر کیا جائے، موٹروے پولیس نے سفر سے متعلق خصوصی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔

ترجمان موٹروے نے ہدایت کی کہ سکھر سے ملتان کے سفر میں کھانے پینے کا سامان بھی ساتھ رکھیں، شہری تیز رفتاری سے گریز اور رات کو فیملیز کے ہمراہ سفر نہ کریں، سکھر ملتان موٹروے کے کچھ حصوں پر کام جاری ہے۔

خیال رہے کہ موجودہ حکومت مسافروں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔ گزشتہ سال نومبر سے موٹروے پولیس اور این ایچ اے کے اشتراک سے موبائل ایپ کا اجرا کیا جاچکا ہے۔

وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کا کہنا تھا کہ مسافروں کی سہولت کے لیے موٹروے پولیس اور این ایچ اے کے اشتراک سے موبائل ایپلی کیشن ہمسفر کا اجرا کیا، دوران سفر مسافروں کو ہر ممکن سہولت کے لیے اقدامات کرتے رہیں گے۔